Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیرالمپکس میں پاکستان کی تاریخ کا پہلا گولڈ میڈل جیتنے والے حیدر علی کون ہیں؟

0 seconds of 43 secondsVolume 90%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:43
00:43
 
جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں جاری پیرالمپکس میں پاکستانی ایتھلیٹ حیدر علی نے ڈسکس تھرو کے مقابلے میں گولڈ میڈل جیت لیا ہے۔
یہ پاکستان کی تاریخ میں پیرالمپکس کے میدان میں پہلا گولڈ میڈل ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے پیرالمپکس میں برونز اور سلور میڈل جیتے تھے۔
بین الا قوامی پیرالمپکس کمیٹی کے مطابق گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے حیدر علی کا کہنا تھا کہ ’یہ میرے لیے ایک نا قابل یقین لمحہ تھا، یقیناً ایک خاص لمحہ۔ پاکستان کے لیے باعث فخر ہونا، پاکستانی پرچم کو لہراتے ہوئے دیکھنا، دنیا بھر سے تعریفیں اور مبارک بادیں وصول کرنا سب کچھ بہت اہم تھا۔‘
پیرالمپکس کی دنیا سے آنے والے نوجوانوں کو متاثر کرنے کے حوالے سے حیدر علی نے بتایا کہ ’بہت سے نوجوانوں نے میرے نقش قدم پر چلنا شروع کیا ہے۔‘
انہوں نے اس حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اس وقت پاکستان میں ہزاروں قومی پیرا ایتھلیٹس ہیں جو میری طرح پیرالمپکس میں تمغہ جیتنا چاہتے ہیں۔‘

پیرالمپک ایتھلیٹ حیدر علی کی ابتدائی زندگی

پیرالمپک ایتھلیٹ حیدر علی نے اپنے کیریئر کے آغاز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’مجھے بچپن ہی سے ایتھلیٹکس میں دلچسپی تھی۔ جس کے بعد مجھے کھیلوں کے حوالے سے ایک اچھی رہنمائی ملی۔‘
حیدر علی نے جنوری 2006 میں پاکستان پیرا ایتھلیٹکس ٹیم کے ٹرائلز میں حصہ لیا اور ان کی سلیکشن ہو گئی۔ حیدر علی کا کہنا تھا کہ ’اس کے بعد انہوں نے پیچھے مُڑ کر نہیں دیکھا۔‘
حیدر علی نے اپنے بچپن کے دلچسپ پہلو کے بارے میں بتایا کہ ’میں کالج کی کلاس ’بنک‘ کر کے لانگ جمپ اور ڈسکس تھرو کے سیشن لینے جاتا تھا۔‘
حیدر علی کی انتھک محنت کے بعد جاپان میں جاری پیرالمپکس میں انہوں نے ایف ڈسکس تھرو کی ایف 37 کیٹگری کے مقابلے میں 55.26 میٹر کی تھرو پھینک کر پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیت لیا۔

سوشل میڈیا صارفین نے جذبات کا اظہار کیسے کیا؟

جمعے کی صبح پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی ٹائم لائنز پر کہیں خوشی اور جذبات سے بھرے پیغامات تو کہیں خوشی کے آنسوؤں کا ذکر کرتے تبصرے نظر آئے۔
سوشل میڈیا ہر صارفین پیرالمپکس میں پاکستان کی تاریخ کا پہلا گولڈ میڈل جیتنے والے حیدر علی کو سراہتے ہوئے دکھائی دیے۔
پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر حیدر علی کو مبارک باد دیتے ہوئے لکھا گیا کہ ’پیرالمپکس میں پاکستان کی تاریخ کا پہلا گولڈ میڈل جیتنے پر حیدر علی کو مبارک باد۔‘
ٹوئٹر صارف ارسلان جٹ لکھتے ہیں کہ ’گوجرانوالہ کے رہائشی حیدر علی نے وزیر کھیل کے ساتھ ٹکٹ ملنے پر جو وعدہ کیا وہ پورا کردیا، میڈل کے لیے عزم، حیدر علی نے گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا پرچم ٹوکیو پیرالمپکس میں بلند کردیا۔‘
ٹوئٹر صارف ام الطاف حیدر علی کو قوم کا بیٹا کہتے ہوئے لکھتی ہیں کہ ’پاکستان کے بیٹے حیدر علی نے ٹوکیو میں جاری پیرالمپکس میں گولڈ میڈل جیت لیا ہے۔ یہ پیرالمپکس کی تاریخ میں پاکستان کا سونے کا پہلا تمغہ ہے۔‘
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گِل حیدر علی کی کامیابی کے حوالے سے لکھتے ہیں کہ ’حیدر علی کو ڈسکس تھرو میں گولڈ میڈل جیتنے اور ٹوکیو میں سبز ہلالی پرچم سربلند کرنے پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ پاکستانی قوم آپ کو سلام پیش کرتی ہے۔ آپ اصل ہیرو ہیں آپ ہی ہیں پاکستان اور تیمور بھٹی آپ کو بھی شاباش۔ جب سب نے اس جوان کو پیرالمپکس بھیجنے سے انکار کیا تو آپ ساتھ کھڑے ہوئے۔‘
پاکستان میں موجود امریکی سفارت خانے کی جانب سے کی گئی ٹویٹ میں بھی حیدر علی کو سراہا گیا ہے۔ امریکی سفارت خانے کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا گیا ہے کہ ’پیرالمپکس میں پہلا گولڈ میڈل جیتنے پر حیدر علی کو مبارک باد۔ مزید لکھا گیا کہ ’حیدر تاریخ رقم کرنے کے عادی ہیں اس سے پہلے وہ 2008 میں پاکستان کے لیے پیرالمپکس میں سلور میڈل بھی حاصل کر چکے ہیں۔‘
پنجاب کے وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’ذرا نم تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی! حیدر علی آپ نے آج قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ جو وعدہ اور عزم آپ نے ٹوکیو جانے سے پہلے کیا وہ پورا کرکے دکھایا۔ حکومت پنجاب تمام اتھلیٹس کو ہمیشہ سپورٹ کرتی رہے گی۔ آپ جذبے اور حوصلہ کی مثال ہیں۔ تمام قوم کو یہ کامیابی مبارک۔‘

شیئر: