Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سمندری طوفان ’شاہین‘ عمانی ساحلوں سے ٹکرا گیا، پروازیں معطل

سمندری طوفان شاہین اتوار کو عمان کے ساحلوں سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں لینڈ سلائڈنگ سے دو افراد ہلاک جبکہ العامرات علاقے میں ایک بچہ سیلابی ریلے میں بہہ کر ہلاک ہوگیا ہے۔
عمانی نیوز ایجنسی کے مطابق اب تک 136 پناہ گاہوں میں 2734 افراد کو ٹھہرایا گیا ہے جن میں سے 1998 عمانی شہری جبکہ 736 غیر ملکی ہیں۔
قبل ازیں عمانی حکام نے کہا تھا کہ سمندری طوفان شاہین دار الحکومت مسقط سے 60 کلو میٹر دوری پر ہے جبکہ احتیاطی تدابیر کے طور پر طوفان کی زد میں آنے والے علاقوں سے لوگوں کا انخلا جاری ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق طوفان کے باعث شدید بارش جاری ہے جس کی وجہ سے پروازیں معطل کرنے کا اعلان ہوا ہے۔
حکومت نے اتوار کو سرکاری تعطیل کا اعلان کیا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عمانی موسمیات کے محکمے نے بتایا ہے کہ ’ طوفان کے باعث ہوا کی رفتار 116 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے‘۔
’ساحلی علاقوں میں شدید بارش جاری ہے جو 200 ملی میٹر سے 500 ملی میٹر تک کے درمیان ہے‘۔
’شدید بارش اور سمندری موجوں کی وجہ سے متاثر علاقوں میں سیلابی کیفیت کا خطرہ ہے۔
دوسری طرف حکومت نے ساحلی علاقوں سمیت متاثرہ علاقوں سے احتیاطی تدابیر کے طور پر بجلی منقطع کی ہے۔
حکومت نے 136 مختلف سکولوں کو پناہ گاہ کے طور پر مختص کردیا ہے جہاں انخلا کئے جانے والے علاقوں سے لوگوں کو لایا جارہا ہے۔
 

شیئر: