فیاض الحسن چوہان پھر تبدیل، حسان خاور نئے ترجمان
حسان خاور وزیراعلٰی پنجاب کے نئے ترجمان مقرر کیے گئے ہیں (فائل فوٹو: حسان خاور لنکڈان)
آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کی حکومت نے اپنے ترجمان فیاض الحسن چوہان کو تیسری مرتبہ ان کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔
راولپنڈی سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہونے والے فیاض الحسن چوہان سے تیسری مرتبہ اطلاعات کا قلم دان واپس لے لیا گیا ہے۔ ان کی حالیہ تقرری 13 اگست 2021 کو کی گئی تھی۔
بدھ کے روز پنجاب حکومت کی جانب سے ترجمان کی تبدیلی کا نوٹی فیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے مارچ 2019 میں ٹی وی پر ہندو کمیونٹی سے متعلق متنازع ریمارکس پر سامنے آنے والے ردعمل کے نتیجے میں عہدے سے استعفیٰ دیا تھا لیکن وہ کالونیز کے وزیر کے طور پر وزیراعلٰی پنجاب کی کابینہ کا حصہ رہے۔
دسمبر 2019 میں انہیں دوبارہ وزارتِ اطلاعات کا قلم دان دیا گیا لیکن نومبر 2020 میں ایک بار پھر انہیں اس عہدے سے ہٹا کر فردوس عاشق اعوان کو وزیراعلٰی کی معاون خصوصی برائے اطلاعات مقرر کیا گیا تھا۔
فردوس عاشق اعوان اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات تھیں جن کے بعد سینیٹر شبلی فراز کو ان کی جگہ وزیر اطلاعات مقرر کیا گیا تھا۔
دوسری مرتبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات کے عہدے سے فارغ ہونے کے بعد فیاض الحسن چوہان کو وزیرِ جیل خانہ جات کا قلم دان سونپا گیا تھا۔
اب فیاض الحسن چوہان کی جگہ حسان خاور کو وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار کا نیا ترجمان مقرر کیا گیا ہے جو موجودہ پنجاب حکومت کے دور میں مقرر کیے گئے چوتھے ترجمان بنے ہیں۔ اس سے قبل ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان بھی پنجاب حکومت کی ترجمان رہ چکی ہیں۔
نوٹی فیکیشن کے مطابق حسان خاور بطور ترجمان حکومت پنجاب اور معاون خصوصی وزیراعلٰی پنجاب برائے اطلاعات خدمات سرانجام دیں گے۔
حسان خاور اس سے پہلے بھی اطلاعات اور خصوصی اقدامات سے متعلق وزیراعلٰی پنجاب کے معاون خصوصی تھے۔
پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت کے وزیراطلاعات فواد چوہدری نے فیاض الحسن چوہان کی برطرفی اور حسان خاور کی تقرری کا صوبائی نوٹی فیکیشن ٹویٹ کیا تو نئے ترجمان نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا ’میں ان کی توقعات پر پورا اترنے کی پوری کوشش کروں گا۔‘
فواد چوہدری کی جانب سے پنجاب حکومت کے ترجمان سے متعلق نوٹی فیکیشن شیئر کیے جانے کے بعد مختلف صارفین نے کہیں نئی تقرری اور اس کے اعلان پر تبصرہ کیا تو کچھ ایسے بھی تھے جو خود کو حکومتی ترجمان کے طور پر پیش کرتے رہے۔
محمد سعد نامی ایک صارف نے وفاقی وزیر اطلاعات کو مینشن کرتے ہوئے پہلے سوال کیا کہ کیا ’آپ لوگ کچھ مزید ترجمانوں کی تلاش کر رہے ہیں؟‘ پھر اپنی دستیابی کی اطلاع دیتے ہوئے لکھا کہ ’میں اپنا ماسٹرز مکمل کر کے ملازمت کی تلاش میں ہوں، اپنی سی وی کہاں بھیجوں۔‘