ٹی وی چینل کے خلاف ٹویٹ پر 10 ہزار ریال جرمانہ
چینل کے مالک کا کہنا تھا اس کے چینل کے خلاف منفی پروپیگنڈا چلا کر رائے عامہ میں اس کی شہرت خراب کرنے کی کوشش کی گئی ہے‘ (فوٹو: سبق)
ایک ٹی وی چینل کے خلاف ٹویٹ کرنے پر ایک بڑے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے مالک کو 10 ہزار ریال جرمانہ اور5 دن قید کی سزا ہوئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ریاض کی عدالت میں فیصلہ کیا گیا ہے جس کی اپیل کورٹ نے تائید کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک سیٹلائٹ چینل کے مالک نے عدالت میں دعوی دائر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹوئٹر پر ایک بڑے اور معروف اکاؤنٹ پر اس کے چینل کے خلاف بے بنیاد باتیں پھیلائی گئی ہیں‘۔
چینل کے مالک کا کہنا تھا کہ ’مذکورہ ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اس کے چینل کے خلاف منفی پروپیگنڈا چلا یا گیا ہے، اسے نقصان پہنچانے اور رائے عامہ میں اس کی شہرت خراب کرنے کی کوشش کی گئی ہے‘۔
عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ’مذکورہ کیس کی سماعت کے دوران دعوی دائر کرنے والے نے اپنے حق میں دلائل اور شواہد پیش کئے ہیں‘۔
’بعد ازاں عدالت اس نتیجے پر پہنچی کہ ٹوئٹر اکاؤنٹ کے مالک نے حقیقت میں چینل کے خلاف بے بنیاد باتیں پھیلانے کی کوشش کی ہے‘۔
’تمام شواہد کی روشنی میں ٹوئٹر اکاؤنٹ کے مالک کو قصوروار قرار دے کر اس پر 10 ہزار ریال جرمانہ اور دوسروں کی تشہیر کرنے پر 5 دن قید کی سزا سنائی گئی ہے‘۔