Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کے نام سے تعمیراتی سامان کا کاروبار کرنے والا غیرملکی گرفتار

شامی شہری ریاض میں تعمیراتی سامان کا کاروبار کررہا تھا- (فوٹو عاجل)
سعودی وزارت تجارت نے کہا ہے کہ  سعودی کے نام سے کاروبار کرنے والے ایک غیرملکی اور سعودی کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سعودی وزارت تجارت نے ریاض شہر میں تعمیراتی سامان غیر قانونی طریقے سے فروخت کرنے والے غیر ملکی اور اسے کاروبار کرانے والے سعودی شہری کی تشہیر ان کے اپنے خرچ پر کرائی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی کے نام سے غیرملکی کا کاروبار مملکت میں ممنوعہ ہے اور اس پر سزا و جرمانہ ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ریاض میں ایک شامی شہری تعمیراتی سامان و پلمبنگ کے سامان کا کاروبار سعودی کے نام پر کررہا تھا جس کے لیے وہ سعودی کو مقررہ رقم ادا کررہا تھا-
وزارت تجارت نے رپورٹ ملنے پر شامی اور سعودی شہری کے خلاف کارروائی شروع کی اور ثبوت مل جانے پر ایک لاکھ ریال جرمانہ، کاروبار بند کرنے، لائسنس کی منسوخی، سزا کے بعد شامی کی مملکت سے بے دخلی اور سعودی کا سرمایہ کاری کا لائسنس معطل کرنے کے علاوہ، زکوۃ، فیس و ٹیکس کی ادائیگی کا بھی پابند بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی وزارت تجارت نے انسداد تجارتی پردہ پوشی قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو 16 فروری 2022 تک کی مہلت دی ہے۔ اس دوران وہ وزارت کی ویب سائٹ mc.gov.sa پر رابط کرکے اپنے کاروبار کو قانونی بنالیں۔
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ دی گئی مہلت سے فائدہ اٹھایا جائے اور کاروبار کو قانونی شکل دی جائے جو سعودی کسی غیرملکی کو اپنے نام سے کاروبار کرا رہے ہوں یا جو غیرملکی سعودی کے نام پر اپنا کاروبار کررہے ہوں وہ مہلت کے دوران اس کاروبار کو قانون کے دائرے میں لے آئیں- جو شخص بھی غیر قانونی کاروبار کو قانون کے دائرے میں لانے کی درخواست کرے گا اس پر کوئی سزا لاگو نہیں ہوگی۔
مملکت کے قانون کے مطابق جو غیرملکی سعودی کے نام سے کاروبار کرے گا یا جو سعودی اپنے نام سے غیرملکی کو کاروبار کرائے گا اسے پانچ برس تک قید اور پچاس لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا ہوگی۔ دونوں سزائیں بیک وقت بھی دی جاسکتی ہیں جبکہ کاروبار بند اور بینک اکاؤنٹ فریز کردیا جائے گا۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: