یمن میں اتحادی فوج کا آپریشن، 115 حوثی ہلاک
جمعرات 4 نومبر 2021 19:58
اتحادی افواج نے حوثیوں کی 14 عسکری گاڑیاں بھی تباہ کیں (فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب کی زیر قیادت عرب اتحاد برائے یمن نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صرواح اور الجوف میں حوثیوں اور انکے ٹھکانوں پر 25 حملے کیے گئے-
العربیہ نیٹ کے مطابق عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ حملوں کے دوران 115 سے زیادہ حوثی دہشتگرد مارے گئے جبکہ ان کی 14 عسکری گاڑیاں تباہ کردی گئیں-
دوسری جانب یمن کے مغربی ساحل پر مشترکہ فورس کے دفاعی نظام نے مغربی تعز میں حوثیوں کا ایک ڈرون مار گرایا-
مشترکہ فورس کی اطلاع کے مطابق حوثیوں کا جاسوس ڈرون البراح محاذ کے عسکری ٹھکانوں پر پرواز کررہا تھا جسے تباہ کردیا گیا-
عرب اتحاد کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مذکورہ محاذ پر دو ہفتے کے اندر ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کا یہ تیسرا ڈرون ہے جسے بروقت کارروائی کرکے تباہ کیا گیا ہے-
دوسری جانب حوثیوں نے مغربی یمن کے التحیتا ضلع میں شہریوں کے زرعی فارموں پر توپوں سے گولہ باری کی- انہوں نے شمسی توانائی سے چلنے والے کنوؤں کے قریب زرعی فارموں پر گولے داغے جس سے زرعی فارموں کو نقصان پہنچا-
جمعرات کو الحدیدہ کے جنوبی محلے منظر میں مشترکہ فورس نے کارروائی کرکےایک حوثی جنگجو کو ہلاک کردیا-
فوجی عہدیدار کا کہنا ہے کہ مشترکہ فورس نے محاذ کے فرنٹ کی جانب ایک حوثی کو دراندازی کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا تھا فائرنگ کرکے اسے ہلاک کردیا گیا-