کرپشن کے الزام میں متعدد سرکاری و نجی اداروں کے عہدیدار گرفتار
’رابطہ عالم اسلامی کے جن تین عہدیداروں کو گرفتار کیا گیا ہے انہوں نے 57 لاکھ 67 ہزار 500 ریال کی رشوت لی ہے۔‘ (فوٹو: سبق)
محکمہ انسداد کرپشن نے گزشتہ عرصے کے دوران میں فوجداری کیسوں کی تحقیقات کے تحت متعدد افراد کو گرفتار کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مذکورہ کیسوں میں ملوث ہونے پر جن افراد کو حراست میں لیا گیا ان میں رابطہ عالم اسلامی کے تین عہدیدار، کنٹریکٹنگ کمپنی کا پروجیکٹ ڈائریکٹر، تین بینکار، ایک نوٹری پبلک، غیر ملکی مقیمین، سرکاری سروے اہل کار، بلدیہ کے ملازمین، کاروباری شخصیات اور مختلف اداروں سے تعلق رکھنے والے سرکاری ملازمین شامل ہیں۔
ان افراد پر رشوت ستانی، عہدے کے نا جائز استعمال، ذاتی مفادات کا حصول اور جعل سازی میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔
محکمہ انسداد کرپشن نے کہا ہے کہ ’مذکورہ کیسوں میں کروڑوں ریال کی بدعنوانی شامل ہے۔‘
محکمے نے کہا ہے کہ ’رابطہ عالم اسلامی کے جن تین عہدیداروں کو گرفتار کیا گیا ہے انہوں نے 57 لاکھ 67 ہزار 500 ریال کی رشوت لی ہے۔‘
’مذکورہ افراد نے ایک کمپنی کو 27 ملین ریال کا ٹھیکہ دلوایا اور کمیشن کی رقم کے حصول کے لیے اپنے عزیزوں کے بینک اکاؤنٹ استعمال کیے۔‘
محکمے نے کہا ہے کہ ’دوسرے کیس میں ایک ٹھیکیدار کمپنی کے مینجر کو گرفتار کیا گیا ہے جس نے ایک حرم شریف میں ایک کمپنی کو ٹھیکہ دینے کے لیے 19 لاکھ ریال رشوت حاصل کی۔‘
’مذکورہ شخص نے اسی کمپنی سے 50 ملین ریال ایک غیر ملکی اکاؤنٹنٹ کے تعاون سے ناجائز طور پر حاصل کیے۔‘