نیا آن لائن مشترکہ کرایہ معاہدہ متعارف کرایا جائے گا
تمام فریقوں کے حقوق کو تحفظ فراہم کیا جائے گا(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں (ایجار) پروگرام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ’مکانات کا نیا آن لائن مشترکہ کرایہ معاہدہ متعارف کرایا جائے گا۔‘
’نئے معاہدے کی دفعات پر غور کیا جا رہا ہے۔ رائج الوقت کرایہ معاہدے کی دفعات میں ترمیم بھی ہو گی۔ تمام فریقوں کے حقوق کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔‘
اخبار 24 کے مطابق ایجار پروگرام کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مکان کے کرایہ معاہدے کی تجدید کا مقصد معاہدے کو زیادہ موثر بنانا اور کرائے کے لین دین میں آسانی پیدا کرنا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ’کوشش ہو گی کہ کرائے پر دینے، لینے اور کرائے پر دلانے والے تمام فریقین کے حقوق و فرائض واضح ہوں۔‘
’اس حوالے سے کسی قسم کو کوئی ابہام باقی نہ رہے۔ ہر فریق اپنی جگہ پر مطمئن ہو اور رہے۔ حقوق کے تحفظ کے حوالے سے خطرات کم سے کم ہو جائیں۔ اور کسی بھی اختلاف کی صورت میں جلد ہی معاملہ نمٹایا جا سکے۔‘
ایجار پروگرام انتظامیہ کے مطابق نئے کرائے معاہدے میں تنازعات طے کرانے کے لیے فریق کا تعین بھی ہو گا۔