وزٹ ویزے پر آنے والی فیملی کم عمر بچوں کا اندراج کیسے کرائے؟
وزٹ ویزے پر آنے والی فیملی کم عمر بچوں کا اندراج کیسے کرائے؟
بدھ 15 دسمبر 2021 0:06
مملکت آنے سے قبل قدوم پورٹل میں اندراج کرانا ضروری ہے
سعودی عرب میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حکومت نے مختلف اقدامات کیے ہیں جن میں مملکت آنے والوں کے لیے امیگریشن کے مراحل کو آسان بنانے کے لیے ’قدوم‘ پورٹل بھی شامل ہےـ
’قدوم‘ پورٹل میں مملکت آنے سے قبل مسافروں کو اپنے بارے میں معلومات فراہم کرنا ہوتی ہیں جو بنیادی طورپر ویکسینیشن کے حوالے سے ہیں۔
ایک شخص نے جوازات سے دریافت کیا کہ وزٹ ویزے پرآنے والی فیملی ارکان میں شامل پانچ برس سے کم عمر بچوں کا اندراج قدوم میں کس طرح کرانا ہوگا؟
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ قدوم پورٹل میں وزٹ ویزے پرآنے والوں کے ہمراہ 18 برس سے کم عمر کا شمار مرافقین (ڈیپینڈنٹس) کے طورپر ہوتا ہے۔
وزٹ ویزے پر آنے والوں کے ہمراہ 18 برس سے کم عمر بچوں کا اندراج قدوم پورٹل پر’مرافقین‘ کے طورپر کیا جائے جس میں ان کی ویکسینیشن کے بارے میں معلومات مہیا کی جاتی ہیں۔
واضح رہے سعودی عرب آنے والوں کے لیے لازمی ہے کہ وہ مملکت آمد سے قبل ’قدوم ‘ پورٹل پراپنے بارے میں اہم معلومات اپ لوڈ کریں تاکہ مملکت آمد کے وقت انہیں امیگریشن کے مرحلے سے جلد گزارا جاسکے۔
قدوم پورٹل میں اندراج تمام مسافروں کے لیے لازمی ہے اس حوالے سے محکمہ امیگریشن کےضوابط کے مطابق مملکت آنے سے قبل قدوم پورٹل میں اندراج کرانا ضروری ہےـ
وہ افراد جو 18 برس سے زائد ہیں ان کا اندراج انفرادی ہوتا ہے جبکہ 18 برس سے کم عمر والوں کی رجسٹریشن مرافقین کے طورپر ایک ہی پورٹل میں کی جاتی ہےـ
ایک اور قاری نے دریفت کرنا چاہا کہ اقامہ کے تجدید اور دیگر کارروائی کےلیے فنگرپرنٹ کے لیے عمر کی حد کیا ہے، کیا سات سال کے بچے کا فنگرپرنٹ کرانا لازمی ہے کیونکہ فیملی کو فائنل ایگزٹ پربھیجنا ہے؟
سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی جانب سے فنگر پرنٹ ضوابط کے مطابق لازمی فنگر پرنٹ کےلیے عمر کی حد 6 برس متعین ہے۔
فنگر پرنٹ کرائے بغیر مملکت میں مقیم کسی غیر ملکی کارکن یا مرافق (ڈیپینڈنٹ) کے اقامے کی تجدید سمیت خروج وعودہ یا فائنل ایگزٹ نہیں لگایا جاسکتا۔
سعودی محکمہ پاسپورٹ میں غیر ملکیوں کے اقامے کا اجرا، تجدید یا دیگر معاملات انجام نہیں دیے جاسکتے جب تک جوازات کے بائیومیٹریک سسٹم میں فنگر پرنٹ اور فیس اسکیننگ ریکارڈ نے کرائی جائےـ
جوازات میں ڈیجیٹل سروسز کے آغاز سے ہی فنگر پرنٹ مرحلہ وار لازمی قرار دی گئی تھی جس کے پہلے مرحلے میں بڑی کمپنی کے کارکنوں کے لیے فنگر پرنٹ اور چہرے کی ڈیجیٹل شناخت کرایا جاتا تھا بعدازاں مرحلہ وار چھوٹی کمپنیوں جہاں کارکنوں کی تعداد کم ہوتی ہے کے لیے لازمی قرار دیا گیا۔
لازمی فنگر پرنٹ سسٹم کے تیسرے مرحلے میں تارکین کے اہل خانہ کےلیے جوازات کے ڈیٹا بیس سینٹر میں بائیومیٹریک سسٹم پرعمل کرنے کے لیے مہلت دی گئی تاکہ تارکین 18 برس سے زائد عمر کے اہل خانہ کے فنگر پرنٹس کو سسٹم میں فیڈ کرالیں ـ
آخری مرحلے میں تارکین کے بچے جن کی عمر 6 برس اور اس سے زائد ہے ان کے لیے لازمی کیا گیا تاکہ اقاموں کا اجرا و تجدید و دیگر مراحل کی انجام دہی میں سہولت ہو۔