Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اسلام آباد میں اتنی دھند کبھی نہیں دیکھی‘

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد اور گرد و نواح میں پیر کی رات اور منگل کی صبح دھند زدہ موسم نے شہریوں کو حیرت میں مبتلا کیا اور حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے لوگوں کو دوران سفر کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ’اسلام آباد اور اس سے متصل علاقوں میں دھند اچانک نہیں آئی بلکہ اس کا تعلق ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے سے ہے۔‘
محکمہ موسمیات کے افسر سردار سرفراز نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ملک کے بیشتر علاقوں بشمول شمالی علاقہ جات میں بارش اور برف باری بھی اسلام آباد کے موسم پر اثر انداز ہوتی ہے۔‘
ایک علیحدہ بیان میں محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ منگل کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود رہے گا جبکہ شمالی اور شمال مغربی بلوچستان، خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش برفباری کا امکان ہو گا۔
محمکہ موسمیات نے پنجاب میں دھند کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں دھند کا امکان۔
دوسری جانب اسلام آباد شہر میں صبح تعلیمی اداروں اور دفتر جانے والے افراد نے پاکستان کے دارالحکومت میں اتنی شدید دھند پر حیرت کا اظہار کیا۔
سوشل میڈیا پر عدنان نامی صارف نے لکھا کہ ’انہوں نے اسلام آباد میں اتنی شدید دھند کبھی نہیں دیکھی۔‘

علی شیر نامی صارف نے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ ڈرائیونگ کے دوران محتاط رہیں۔
سوشل میڈیا یوزر روزینا علی نے لکھا کہ ’حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے موٹروے ایم ٹو کو ٹھوکر نیاز بیگ سے اسلام آباد تک بند کردیا گیا۔‘ 

شیئر: