Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ناقابل تسخیر سپرٹ‘، محمد رضوان اور فاطمہ ثنا کے لیے آئی سی سی ایوارڈز

آئی سی سی نے محمد رضوان کو سال 2021 کے مستقل مزاج کرکٹر کا لقب دیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
کرکٹر محمد رضوان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سال 2021 کے بہترین ٹی 20 کھلاڑی کا اعزاز  حاصل کر لیا ہے۔
اتوار کو آئی سی سی  کی جانب سے جاری کر دہ بیان کے مطابق وکٹ کیپر بیٹر نے 2021 میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے صرف 29 میچز میں  1326 رنز بنائے۔ اس کی اوسط 73.66 جبکہ 134.89 سٹرائیک ریٹ رہا۔
بیٹنگ کے علاوہ بطور وکٹ کیپر بھی ان کا اہم کردار رہا اور آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی ان کی پرفامنس مثالی رہی۔ اس ایونٹ میں وہ سب سے زیادہ رنز بنانے کی فہرست میں تیسرے نمبر پر رہے۔
محمد رضوان نے سال کے آغاز میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں اپنے ٹی 20 کیریئر کی پہلی سینچری بھی بنائی جبکہ سال کے اختتام پر ویسٹ انڈیز کے خلاف کراچی میں 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ 
محمد رضوان نے سال کے بہترین ٹی 20 کرکٹر کا ایوارڈ ملنے پر کہا کہ یہ پاکستان کے لیے ہے اور یہ کہ دنیا کی بڑی اور بہترین ٹیموں کے کھلاڑیوں میں سے ان کا یہ اعزاز حاصل کرنا ٹیم مینجمنٹ کے لیے بھی باعث فخر ہے۔

یارگار پرفارمنس


تی 20 ورلڈ کپ میں محمد رضوان نے انڈیا کے خلاف 79 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی (فوٹو: اے ایف پی)

ٹی 20 ورلڈ کپ میں انڈیا کے خلاف 152 رنز کا ہدف بظاہر آسان تھا تاہم جسپریت بمراہ اور محمد شامی کا بولنگ اٹیک پاکستان کے لیے مشکلات پیدا کر سکتا تھا۔ تاہم محمد رضوان نے کپتان بابر اعظم کے ہمراہ پاکستانی ٹیم کو یادگار کامیابی سے ہمکنار کروایا۔
اس میچ میں محمد رضوان نے صرف 55 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 79 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں چھ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ پاکستان نے 152 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا تھا۔

فاطمہ ثنا ’ویمن ایمرجنگ پلیئر آف 2021‘ قرار

بیس سالہ پاکستانی آلراؤنڈر فاطمہ ثنا کو خواتین کی کیٹگری میں ’ایمرجنگ پلیئر آف دا ایئر‘ قرار دیا گیا ہے۔
فاطمہ ثنا نے سال 2021 میں 16 بین الاقوامی میچوں میں 24 وکٹیں لیں اور 165 رنز بنائے۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ فاطمہ ایک تیز رفتار بولر ہونے کے ساتھ آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کرکے رنز بنانے کی بھی صلاحیے رکھتی ہیں۔
نمبر آٹھ پر بیٹنگ کرتے ہوئے انہوں نے ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ اور ذمبابوے جیسی ٹیموں کے خلاف 28، 22 اور 17 رنز کی اننگز کھیلیں۔
گزشتہ سال جولائی میں انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کیں اور 28 رنز بناکر پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

شیئر: