Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یہ تو شروع ہوتے ہی ختم ہوگیا‘، کراچی کنگز کی ہار پر سوشل میڈیا پر میمز کا بازار گرم

کراچی کنگز اس ٹورنامنٹ میں پانچ میچ ہار چکے ہیں۔ (تصویر: پی ایس ایل)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں ٹورنامنٹ کے سابق چیمپیئنز کراچی کنگز پانچ میچ کھیل کر بھی کوئی میچ نہیں جیت پائے ہیں۔
بابر اعظم کی قیادت میں کراچی کنگز اپنا پانچواں میچ گذشتہ رات اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہاری اور اب اس ٹیم کے سر پر پی ایس ایل سے باہر ہونے کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔
جہاں ایک طرف کراچی کنگز کے فینز اپنی ٹیم کی مسلسل شکستوں سے پریشان ہیں وہیں دیگر سوشل میڈیا صارفین بابر اعظم کی ٹیم پر طنز کے نشتر برساتے نظر آرہے ہیں۔
تیموز زمان نامی صارف نے پاکستان سے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کی ایک پرانی ویڈیو کا کلپ شیئر کیا اور اسے کراچی کنگز کے نام کیا۔
ویڈیو میں شعیب اختر کہہ رہے ہیں ’حد ہوتی ہے یار، کوئی شرم ہوتی ہے یار، یار اتنا برا کام کرتے ہو تم لوگ یار۔‘
ٹوئٹر پر ’نامعلوم افراد‘ نامی اکاؤنٹ نے پاکستانی ٹی وی چینل اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’لوز ٹاک‘ کا ایک کلپ شیئر کیا جس کا مقصد کراچی کنگز کے پی ایس ایل 7 کے سفر پر طنز کرنا تھا۔
شیئر کی گئی کلپ میں پاکستان کے لیجنڈ اداکار معین اختر بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کا یونیفارم پہن کر بیٹھے ہیں اور انور مقصود کو بتا رہے ہیں کہ ’نہیں جیتے گا، ہمارا مرضی ہے، دس از اور ٹارگٹ، نئے جیتے گا۔‘
کراچی کنگز کی ٹورنامنٹ میں مسلسل شکستوں نے صارفین کو انڈین فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ کی یاد دلا دی۔

کسی نے کہا ’سبجیکٹ کچھ بھی محسوس نہیں کرسکتا‘ تو کسی نے کراچی کنگز پر ہلکے انداز میں تنقید کرنے کے لیے ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ کے کردار ’سرکٹ‘ کا مشہور زمانہ ڈائیلاگ ’بھائی یہ تو شروع ہوتے ہی ختم ہوگیا‘ کا سہارا لیا۔

اس سے قبل کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے دو دن قبل اپنی ایک ٹویٹ میں ٹیم کے فینز سے معذرت بھی کی تھی۔

ان کا اپنی ایک ٹویٹ میں کہنا تھا کہ انہوں نے ایک بہترین ٹیم کے انتخاب کی کوشش کی تھی لیکن کورونا وائرس اور کھلاڑیوں کی انجریز کے سبب ٹیم کی کارکردگی پر فرق پڑا۔

شیئر: