کراچی کے سمندر میں مردہ وہیل
خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ وہیل کی ہلاکت مچھلیاں پکڑنے والے جال میں پھنسنے کے باعث ہوئی۔ فوٹو: ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان
پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں منوڑہ جزیرے کے قریب وہیل مچھلی مردہ پائی گئی ہے۔
ورلڈ وائلڈ فنڈ فار نیچر (ڈبلیو ڈبلیو ایف) کے پاکستان چیپٹر نے کہا ہے کہ مردہ وہیل کو ایک کشتی کے ذریعے کھینچ کر منوڑہ سے کراچی فش ہاربر لایا گیا ہے۔
پاکستان کے سمندر میں مردہ پائی جانے والی یہ تیسری وہیل ہے۔
ڈبلیو ڈبلیو ایف کے مطابق ابتدائی طور پر وہیل کی موت کا سبب بحری جہاز یا کشتی کا ٹکرانا بتا جا رہا تھا تاہم مردہ مچھلی پر ایسے کوئی زخم نہیں ملے۔
اب خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ وہیل کی ہلاکت مچھلیاں پکڑنے والے جال میں پھنسنے کے باعث ہوئی۔
ڈبلیو ڈبلیو ایف کے ٹیکنیکل ایڈوائزر محمد معظم خان کے مطابق ہلاک ہونے والی بریڈ وہیل ہے۔ اس نسل کی یہ تیسری وہیل ہے جو مردہ حالت میں پاکستانی پانیوں میں نظر آئی۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چار ماہ کے دوران پاکستان میں تین وہیل مچھلیاں مردہ پائی گئیں۔
’اکتوبر 2021 میں ایک وہیل سرکی، کلمت خور کے علاقے میں ملی تھی، ایک اور مردہ وہیل رواں سال جنوری میں چرنا آئی لینڈ کے قریب ملی تھی اور اب یہ تیسری ہے جو منوڑہ کے قریب پانیوں میں مردہ ملی۔‘
ڈبلیو ڈبلیو ایف کے بیان کے مطابق اس نسل کی وہیل کی تعداد دنیا اور پاکستان میں تیزی سے کم ہو رہی ہے۔ ’عام لوگوں اور مچھیروں میں وہیل کے تحفظ کے لیے شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔‘