بلاول کا عمران خان کی تنقید کا میمز سے جواب
حزب اختلاف کی جماعتوں نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروادی ہے۔ (فائل فوٹو: بلاول فیس بک)
پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد ملک میں سیاسی صورتحال انتہائی گرم نظر آرہی ہے۔
وزیراعظم عمران خان حالیہ جلسوں میں اپنے سیاسی مخالفین پر گرجتے برستے نظر آئے اور خاص طور پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری اپنی زبان کی پھسلن کی وجہ سے ان کا خاص نشانہ نظر آئے۔
پی پی پی کا لانگ مارچ جب سندھ سے اسلام آباد پہنچا تو بلاول نے ایک تقریر کے دوران ’ٹانگیں کانپ رہی ہیں‘ کو زبان کی پھسلن کی وجہ سے ’کانپیں ٹانگ رہی ہیں‘ کہہ گئے اور اس کے بعد پاکستانی سوشل میڈیا پر یہ نہ صرف ایک ٹرینڈ بن گیا بلکہ وزیراعظم عمران خان خود بھی جلسوں میں ان الفاظ کو دہراتے ہوئے نظر آئے۔
ایک جلسے میں تقریر کے دوران وزیراعظم عمران خان نے سابق صدر آصف علی زرداری کو مشورہ دیا کہ وہ بلاول کو اردو سکھائیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کی تنقید کا جواب ٹوئٹر پر ایک ویڈیو کی شکل میں دیا جس میں وزیراعظم عمران خان کی مختلف تقاریر میں بولے گئے غلط اردو کے الفاظ کو دکھایا گیا ہے۔
اس ویڈیو میں پہلی کلپ میں دکھایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان بار بار کوششیں کرنے کے باوجود اردو کا لفظ ’روحانیت‘ نہیں پڑھ پارہے۔ اس ویڈیو میں شامل ایک اور کلپ میں انہیں پنجاب کے ضلع ’تونسہ‘ کو ’چونسہ‘ کہہ کر پکارتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
یاد رہے ’چونسہ‘ اصل میں آم کی ایک قسم کا نام ہے۔
سوشل میڈیا صارفین اس میمز کی جنگ سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔ معاذ نامی صارف نے لکھا کہ ’ہم ایک عجیب سے دور میں جی رہے ہیں جہاں سیاست دان اپنے دفاع کے لیے میمز کا استعمال کررہے ہیں۔‘
کامل احمد نامی صارف نے لکھا کہ ’ اپنی عزت اپنے ہاتھ میں ہوتی ہے۔‘ ان کا اشارہ وزیراعظم عمران خان کی حالیہ تقاریر کی طرف تھا۔
میمونہ نامی صارف نے سیاست دانوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’ایک دوسرے کا مذاق اڑانے سے بہتر ہے کہ یہ لوگ ملک کی خراب صورتحال پر توجہ دیں۔‘
واضح رہے عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد 14 دن کے اندر سپیکر کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلانا ہوتا ہے، تاہم اب تک سپیکر کی جانب سے اجلاس نہیں بلایا گیا ہے۔