سعودی عرب کے 6 ریجنوں میں موسلادھار بارش کا امکان
’مکہ مکرمہ، ریاض، جازان، باحہ، قصیم اور حائل میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی‘ (فوٹو: طقس العرب)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے 6 ریجنوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ، ریاض، جازان، باحہ، قصیم اور حائل میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی‘۔
محکمے نے مکہ مکرمہ ریجن کے متعلق کہا ہے کہ ’ہدا، شفا، طائف اور میسان کے علاوہ الخرمہ میں بارش کے علاوہ تیز ہوا کا خدشہ ہے جس کے باعث حد نگاہ متاثر ہوگی‘۔
اسی طرح ریاض ریجن کے متعلق کہا ہے کہ ’الزلفی، الغاط، ثادق، شقرا اور مرات میں موسلادھار بارش کی توقع ہے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’بارش کا سلسلہ مشرقی ریجن، عسیر اور شمالی حدود تک پھیل سکتا ہے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’نجران میں بھی آج موسم غیر یقینی رہے گا جہاں تیز ہوا کے باعث گھنے بادل جمع ہوسکتے ہیں‘۔
دوسری طرف روڈ سیکیورٹی فورس نے حائل ریجن کے رہائشیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’الحائط، السلیمی، الشملی اور الغزالہ علاقوں کو جوڑنے والی شاہراہ میں تیز ہوا کے ساتھ دھول اڑ رہی ہے جس کے باعث حد نگاہ متاثر ہے‘۔