Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی جلسہ: میڈیا کوریج کی اجازت لیکن کیمروں پر پابندی

پی ٹی آئی کا دعویٰ ہے کہ جلسے میں 10 لاکھ سے زائد افراد شرکت کریں گے۔ (تصویر: اردو نیوز)
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اتوار کی شام کو ایک بڑا جلسہ کرنے جا رہی ہے لیکن میڈیا کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ مقامی اور بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں کو جلسہ گاہ میں کیمرے لانے کی اجازت نہیں ہے۔
پاکستانی صحافی اور اینکرپرسن کامران یوسف نے ٹویٹ میں لکھا ’مقامی اور انٹرنیشنل میڈیا کو پی ٹی آئی کی میڈیا ٹیم کی طرف سے مہیا کی جانے والی فوٹیج پر انحصار کرنا ہوگا۔‘
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کو حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کا سامنا ہے۔ اگر اپوزیشن جماعتیں قومی اسمبلی میں کم سے کم 172 اراکین کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہیں تو عمران خان کو مسند وزیراعظم چھوڑنا پڑے گی۔
اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں آج ہونے والا جلسہ وزیراعظم عمران خان کی اپوزیشن مخالف مہم کا حصہ ہے اور ان کی جماعت کا دعویٰ ہے کہ تقریباً 10 لاکھ سے زائد لوگ جلسے میں شرکت کریں گے۔
صحافی کامران یوسف کا کہنا ہے کہ ’اگر 10 لاکھ لوگ ریلی میں شرکت کریں گے تو مقامی اور انٹرنیشنل میڈیا کو کوریج کرنے دیں۔‘
ایک اور پاکستانی صحافی نصراللہ ملک نے اس حوالے سے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’صرف پی ٹی وی کو پی ٹی آئی کے اسلام آباد جلسے کی کوریج کی اجازت ہے۔ یہ پی ٹی آئی کا جلسہ ہے یا حکومت کا جلسہ؟‘
اردو نیوز کے نامہ نگار روحان احمد نے جلسہ گاہ میں کیمروں پر پابندی کے حوالے سے جب پی ٹی آئی میڈیا سیل کے رکن ملک رضوان سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’جلسہ گاہ میں قامی اور غیر مقامی میڈیا کو کیمرے لانے کی اجازت نہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ وزیراعظم کی تقریب ہے اور ان تقریبات کی کوریج پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کرتا ہے۔ مقامی اور غیرمقامی میڈیا وہاں سے ویڈیو استعمال کرسکتا ہے۔‘
دوسری جانب پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ’کیمرے وزیراعظم کے کسی بھی جلسے میں نہیں ہوتے، اس کی وجہ یہ ہے کہ عالمی سطح پر کئی قاتلانہ حملے ہوئے ان میں کیمرہ ہمیشہ استعمال ہوا ہے۔ لہٰذا وزیراعظم کی کسی بھی تقریب میں کیمرا لانے کی اجازت نہیں ہوتی۔‘
مقامی چینل ’اے آر وائی‘ سے بات کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ 43 کے قریب بین الاقوامی میڈٰیا کے نمائندے اور تمام پاکستانی ٹی وی چینلز کے نمائندے اسلام میں جلسے کی کوریج کررہے ہیں۔

شیئر: