تحریک عدم اعتماد: ’ووٹنگ کے دن ہمارا کوئی رکن اسمبلی نہ آئے‘
خط کے متن کے مطابق ’تمام اراکین اسمبلی ان ہدایت پر عمل کریں۔‘ (فوٹو اے ایف پی)
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کے طور پر اپنے تمام اراکین قومی اسمبلی کو خط لکھا ہے جس میں انہیں تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ میں شریک نہ ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
منگل کو جاری ہونے والے خط میں لکھا گیا ہے کہ ’28 مارچ کو قومی اسمبلی کے رولز کے مطابق تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی جس پر سات روز میں ووٹنگ ہونی ہے۔‘
عمران خان نے خط میں لکھا کہ ’جس دن ووٹنگ اسمبلی کے ایجنڈے پر ہو اس دن پاکستان تحریک انصاف کے تمام اراکین نہ اجلاس میں شریک ہوں اور نہ ہی ووٹنگ میں شریک ہوں۔‘
’پاکستان تحریک انصاف کے منتخب کردہ اراکین اس قرارداد پر بحث میں حصہ لیں گے‘
خط کے متن کے مطابق ’تمام اراکین اسمبلی ان ہدایت پر عمل کریں اور ذہن میں رکھیں کہ اسمبلی اجلاس میں شرکت پر آرٹیکل 63 اے کا اطلاق ہوگا۔‘
خیال رہے کہ اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی میں پیش کردی ہے اور اب 31 مارچ یا اس کے بعد کسی بھی دن تحریک پر ووٹنگ ہوگی۔
پی ٹی آئی کے 14 ارکان اسمبلی منحرف ہوچکے ہیں اور انہوں نے تحریک کے حق میں ووٹ دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔، تاہم عمران خان کا کہنا کہ وہ ووٹنگ سے پہلے واپس آجائیں گے۔