سعودی فلاحی تنظیم ھدیہ زائرین میں 70 لاکھ مفت اشیا تقسیم کرے گی
افطاری اور سحری کے لیے کھانا اور پانی بھی تقسیم کیا جائے گا( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کی فلاحی تنظیم ھدیہ نےکئی پروگراموں اور خدمات کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد زائرین میں 70 لاکھ سے زیادہ مفت اشیا تقسیم کرنا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق فلاحی تنظیم ھدیہ رمضان کے دوران 550 زائرین، عبادت کرنے والوں اور ضرورت مند خاندانوں کی خدمت کرے گی۔
ھدیہ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر احسان الرئیس نے کہا کہ تنظیم رمضان کے دوران زائرین میں قیمتی اشیا تقسیم کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تنظیم افطاری اورسحری کے لیے کھانا اور پانی بھی تقسیم کرے گی۔
احسان الرئیس نے کہا کہ ھدیہ مستند عرب مہمان نوازی کو مزید بڑھائے گی اور دو مقدس مساجد کے قریب انجمن کے دفاتر میں وفود کا استقبال کرے گی۔
ھدیہ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے مطابق ھدیہ کے پاس دو مقدس مساجد کی جانب جانے والے زائرین کی خدمت کے لیے رابطے کے 45 پوائنٹس کے ساتھ ساتھ مکہ اور جدہ میں کاروں کی جنرل سنڈیکیٹ اور حرمین ہائی سپیڈ ریلوے سے منسلک ٹرانسپورٹیشن سینٹرز ہیں۔
احسان الرئیس نے کہا کہ رمضان کے دوران آٹھ لاکھ کھانے تیار کیے جائیں گے جس میں 4.8 ملین اشیا شامل ہیں جو ایسوسی ایشن کے رابطہ مقامات پر فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ زمزم کے پانی اور پینے کے پانی کے 20 لاکھ کنٹینرز اور ھدیہ کی دولاکھ مصنوعات شامل ہیں۔
ھدیہ کا بورڈ آف ڈائریکٹرز تنظیم کی خدمات فراہم کرنے کے لیے رضاکاروں کو تربیت دینے پر بھی کام کر رہا ہے تاکہ 10 لاکھ رضاکاروں اکھٹا کرنے کے مملکت وژن 2030 کے ہدف کو حاصل کیا جا سکے۔