Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا عمران خان کے ٹوئٹر سپیس نے ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا؟

بدھ کی رات پاکستان میں ٹوئٹر صارفین کی ایک بڑی تعداد دنیا کے تمام موضوعات کو چھوڑ کر صرف ایک ہی موضوع پر گفتگو کررہی تھی کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر سپیس پر کیا باتیں کیں اور انہیں سننے والے لوگوں کی تعداد کتنی تھی۔
تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہنے والی اس ٹوئٹر سپیس میں سابق وزیراعظم نے اپنے سیاسی کیریئر، اپنی حکومت، چیلنجز اور سول ملٹری تعلقات سمیت دیگر موضوعات پر سوالات کے جوابات دیے۔
ان سوالات کے جوابات کسی کو پسند آئے تو کوئی ان پر تنقید کرتا ہوا نظر آیا لیکن اس سپیس کو سننے والے افراد کی تعداد اتنی تھی کہ اسے نظرانداز کرنا مشکل تھا۔
ٹوئٹر پر کئی صارفین بشمول (پاکستان تحریک انصاف) پی ٹی آئی کے حامی اسے ورلڈ ریکارڈ قرار دے رہے ہیں۔ ایک وقت میں پی ٹی آئی کے سپیس میں تقریباً 1 لاکھ 64 ہزار سے زائد لوگ سابق وزیراعظم کو سن رہے تھے۔
پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم کے رکن جبران الیاس نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ کسی بھی ایک سپیس میں سب سے زیادہ لوگوں کی شرکت کا ریکارڈ 57 ہزار تھا جو پی ٹی آئی نے نے توڑ دیا ہے۔
انہوں سپیس کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ان کی سپیس میں ایک وقت میں 1 لاکھ 64 ہزار سے زائد لوگ موجود تھے۔
عمران خان کے سابق فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ڈاکٹر ارسلان خالد کے مطابق ایک گھنٹے جاری رہنے والے اس سپیس میں مجموعی طور پر 5 لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔
لوگوں کی شرکت کے اعتبار سے یقیناً گذشتہ رات ہونے والے ٹوئٹر سییس کا شمار بڑے سپیسز میں ہوتا ہے۔ تاہم اس سپیس سے کوئی ریکارڈ ٹوٹا یا نہیں اس حوالے سے ٹوئٹر کی جانب سے کچھ نہیں کہا گیا۔
لیکن ٹوئٹر پر ایک ٹویٹ اور سرٹیفیکیٹ کا سکرین شاٹ ضرور گردش کررہا ہے جس کے مطابق ریکارڈ ٹوٹ چکا ہے اور یہ بات خود ’گنیز ورلڈ ریکارڈز‘ کی جانب سے کہی گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل یہ ٹویٹ اور سرٹفیکیٹ دونوں ہی جعلی ہیں۔ ٹویٹ میں ’گنیز ورلڈ ریکارڈز‘ نے وہی ہیش ٹیگ استعمال کیا جو پی ٹی آئی کے حامی چلا رہے ہیں جو کہ ’امپورٹد حکومت نامنظور‘ ہے۔
’گنیز ورلڈ ریکارڈز‘ کے اصلی اکاؤنٹ کو کئی مرتبہ کھنگالنے کے بعد بھی کوئی ایسی ٹویٹ نہیں ملی جس میں انہوں نے ٹوئٹر سپیس یا ورلڈ ریکارڈ کی بات کی ہو۔

شیئر: