دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے دسمبر 2017 میں اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا تھا ’آئی لو ٹوئٹر‘ جس کے جواب میں کینیڈین صارف ڈیو سمتھ نے برجستہ لکھا ’آپ کو اسے خرید لینا چاہیے۔‘
ڈیو سمتھ کو جواب دیتے ہوئے ایلون مسک نے پوچھا تھا ’اس کی قیمت کتنی ہے؟‘
تقریباً ساڑھے چار برس پہلے مذاق میں کی جانے والی بات رواں ماہ اس وقت حقیقت کا روپ دھار گئی جب ایلون مسک نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ 44 بلین ڈالرز میں خرید لی۔
اب دنیا کے امیر ترین آدمی نے ایک اور مذاق کیا ہے اور ایک نئی کمپنی کو اپنا ہدف بنالیا ہے۔
This exchange continues to haunt me pic.twitter.com/W06oSqx0MR
— Dave Smith (@redletterdave) April 25, 2022
بدھ کو اپنی ایک ٹویٹ میں ایلون مسک نے لکھا ’اب میں کوکا کولا خرید رہا ہوں تاکہ اس میں دوبارہ کوکین شامل کرسکوں۔‘
Next I’m buying Coca-Cola to put the cocaine back in
— Elon Musk (@elonmusk) April 28, 2022
ایلون مسک کی کوکا کولا کمپنی خریدنے کی بات شاید مذاق ہو لیکن ایک بات سچ ہے کہ کوکا کولا میں تقریباً ایک صدی پہلے کوکین شامل ہوتی تھی۔
مزید پڑھیں
-
ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے پلیٹ فارم پر اب تک کیا حاصل کیا؟Node ID: 664621
-
ایلون مسک کے ٹوئٹر خریدنے کے بعد ’ٹیسلا‘ کے حصص گر گئےNode ID: 664761
-
’لبنان برائے فروخت ہے، ایلون مسک خرید لیں‘Node ID: 665061
امریکی حکومت کے ریسرچ انسٹٹیوٹ ’نیشنل انسٹٹیوٹ آن ڈرگ ابیوز‘ کے مطابق کوکا کولا بنانے کی ترکیب 1885 میں امریکی فارمازسٹ جون پیمبرٹن نے ایجاد کی تھی اور کوکین کا پودا اس کے اجزاء میں سے ایک تھا۔
جس وقت کوکا کولا ایجاد کی گئی تھی اس وقت امریکہ میں کوکین استعمال کرنے کی قانوناً اجازت تھی اور یہ دواؤں میں استعمال ہوتی تھی۔
جون پیمبرٹن کے مطابق کوکا کولا کو بحیثیت دوا استعمال ہوسکتی تھی اور اس سے سر اور پیٹ کے درد کا علاج ممکن تھا۔
تاہم 1929 میں کوکا کولا سے کوکین کو مکمل طور پر ختم کردیا گیا اور یہ ’ہارڈ ڈرنک‘ سے ’سافٹ ڈرنک‘ بن گئی۔
کیا ایلون مسک کوکا کولا خریدنے کی استطاعت رکھتے ہیں؟
ٹوئٹر اور الیکٹرک کاریں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے مالک ایلون مسک دنیا کے امیر ترین آدمی ہیں جن کی دولت کی مالیت 253 بلین ڈالرز ہے۔ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر امیزون کے بانی اور امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مالک جیف بیزوس ہیں جن کی دولت کی مالیت 162 بلین ڈالرز ہے۔
امریکی میگزین ’ٹائم‘ کے مطابق کوکا کولا کمپنی کی کل مالیت 284 بلین ڈالر ہے جو کہ ایلون مسک کی دولت سے زیادہ ہے۔
اس کا مطلب یہ ہوا کہ فی الحال ایلون مسک کے پاس اتنی دولت نہیں کہ وہ کوکا کولا خرید سکیں۔
مذاقاً ہی سہی لیکن یہ بات ایلون مسک بھی مانتے ہیں کہ وہ ’معجزات‘ پر عبور نہیں رکھتے۔
Listen, I can’t do miracles ok pic.twitter.com/z7dvLMUXy8
— Elon Musk (@elonmusk) April 28, 2022