Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آج عمران خان سے علامہ اقبال بھی محفوظ نہ رہے‘

علامہ اقبال کا غلط شعر پڑھنے پر عمران خان پر سوشل میڈیا پر تنقید ہورہی ہے۔ (تصویر: پی ٹی آئی)
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان جمعرات کو شانگلہ میں ایک جلسے کے دوران ایک بار پر اپنے سیاسی مخالفین اور ’نیوٹرلز‘ پر شدید تنقید کرتے ہوئے نظر آئے۔
لیکن جلسے کے اختتام پر انہوں نے علامہ اقبال کا ایک شعر پڑھا اور یہی شعر سوشل میڈیا پر ان کے لیے وجہ تنقید بن گیا ہے۔
علامہ اقبال کا شعر کچھ اس طرح سے تھا:
یہ ایک سجدہ جسے تو گراں سمجھتا ہے
ہزار سجدے سے دیتا ہے آدمی کو نجات
یہی شعر جب سابق وزیراعظم نے پڑھا تو الفاظ آگے پیچھے ہوگئے:
ایک سجدہ جس کو تو گراں سمجھتا ہے
دیتا ہے لاکھوں سجدوں سے نجات
سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھنے والے صحافی طارق آفاق نے لکھا کہ ’کپتان نے حضرت علامہ اقبال کو بھی نہیں بخشا۔ ان کے شعر کا وہ حشر کیا کہ بیچارے حکیم الامت کی مرقد میں روح کانپ چکی ہو گی۔‘
امداد علی سومرو نے ایک ٹویٹ میں لکھا ’آج عمران خان سے علامہ اقبال بھی محفوظ نہ رہے۔ اردو کی ٹانگیں توڑتے ہیں مگر اقبال کے شعر کی پسلیاں توڑ دیں۔‘
دیگر سیاستدانوں کی طرح سابق وزیراعظم عمران خان بھی اکثر اپنی تقریر کے دوران ایسے جملے کہہ جاتے ہیں جس کے بعد طنز و مزاح کی بہاریں سوشل میڈیا پر ابھر آتی ہیں۔
سنہ 2019 میں عمران خان کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے دوسری جنگ عظیم کی بات کرتے ہوئے جرمنی اور جاپان کی سرحدوں کو آپس میں ملا دیا تھا۔
پی ٹی آئی چیئرمین کی ایک ایسی ہی ویڈیو فروری 2020 میں بھی وائرل ہوئی۔ اس خطاب میں عمران خان شرکا کو بتا رہے تھے کہ ’آپ میں سے کتنوں کو پتہ ہے کہ اللہ نے پاکستان میں 12 موسم دیے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’دنیا کے کتنے ملکوں میں 12 موسم ہیں؟‘
عمران خان واحد لیڈر نہیں جن کی تقریروں میں اکثر زبان پھسل جاتی ہے بلکہ ایسا باقی رہنماؤں کے ساتھ بھی ہوتا رہا ہے۔
رواں سال مارچ کے ماہ میں اسلام آباد میں ایک تقریر کے دوران موجودہ وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری ’ٹانگیں کانپنے‘ کو ’کانپیں ٹانگنا‘ کہہ گئے تھے۔
ان کے یہ الفاظ نہ صرف کئی دنوں تک سوشل میڈیا پر طنز و تنقید کی وجہ بنے رہے بلکہ ان کے سیاسی مخالفین بشمول عمران خان بھی ان کا مذاق اڑاتے ہوئے نظر آئے۔
ایسی ہی ایک ویڈیو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے غلطی سے اپنے ہی والد کو گیدڑ سے تشبیہہ دے دیتی تھی۔
انہوں نے کہا تھا ’میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ گیدڑ کی کھال پہن کر کوئی نواز شریف نہیں بن سکتا۔‘

شیئر: