ارجنٹینا فٹبال ورلڈ کپ کی تیاری ابوظبی میں کرے گا
ارجنٹینا کی ٹیم ابوظبی میں دوستانہ میچ کھیلے گی(فائل فوٹو اے ایف پی)
ارجنٹینا فٹبال ایسوسی ایشن اورابوظبی سپورٹس کونسل کے درمیان سٹریٹجک تعاون معاہدہ کے بعد ارجنٹینا کی فٹبال ٹیم اس سال قطر میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے ابوظبی میں قیام کرے گی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دو بار ورلڈ کپ فٹ بال جیتنے والی ارجنٹینا کی ٹیم اپنی تیاریوں کے لیے ابوظبی میں دوستانہ میچ کھیلے گی۔
ارجنٹینا کے سپر سٹار لیونل میسی کے لیے ٹرافی جیتنے کا یہ آخری موقع ہو گا کیونکہ وہ ٹورنامنٹ شروع ہونے تک 35 سال کے ہو جائیں گے۔
ابوظبی سپورٹس کونسل کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق مشترکہ کام کے کئی مہینوں کے تبادلے کے بعد ابوظبی سپورٹس کونسل نے ارجنٹینا فٹ بال ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر ایک طویل معاہدے کو مضبوط کیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ابوظبی 2022 کے ورلڈ کپ کے لیے ارجنٹینا کی قومی ٹیم کی تیاری کے کیمپ کی میزبانی کرے گا جس میں نومبر میں دوستانہ میچ بھی شامل ہوں گے۔‘
ارجنٹینا کے متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعاون کے ایک حصے کے طور پرابوظبی میں سپر کوپا ارجنٹینا فائنلز 2023 سے 2026 تک مسلسل چار سال تک کھیلے جائیں گے۔
ارجنٹینا فٹ بال ایسوسی ایشن لاطینی امریکہ کی پہلی فیڈریشن بن گئی ہے جس نے مشرق وسطی کے خطے میں اعلی عالمی اثر والے کھیلوں کے ایونٹ کو برآمد کیا۔
ارجنٹینا کو گروپ سی میں رکھا گیا ہے جو 22 نومبر کو سعودی عرب کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گا۔ اس سے بعد وہ 26 نومبر کو میکسیکو کا سامنا کرے گا اور 30 نومبر کو پولینڈ کے خلاف کھیلے گا۔
یاد رہے کہ فٹ بال کا عالمی کپ رواں برس 21 نومبر سے اور 18 دسمبر تک قطر میں کھیلا جائے گا۔