Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ فیصل بن فرحان کی قازقستان کے صدر اور وزیر خارجہ سے ملاقات

شاہ سلمان اور ولی عہد کی طرف سے خیرسگالی کے  پیغامات پہنچائے (فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نےپیر کو قازقستان کے صدر قاسم جومارٹ توکاییف سے پیر کو دارالحکومت نور سلطان کے قصر صدارت میں ملاقات کی ہے۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان نے قازقستان کے صدر کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی  طرف سے خیرسگالی کے  پیغامات پہنچائے اور کہا کہ سعودی قیادت قازقستان کی حکومت اور برادر عوام کی مزید ترقی و خوشحالی کے آرزو مند ہے۔
قازقستان کے صدر نے شاہ سلمان، ولی عہد اور سعودی حکومت وعوام کے لیے خیر سگالی کےجوابی پیغام سعودی وزیر خارجہ کے حوالے کیے ہیں۔
اس موقع پر دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات اور مشترکہ مفادات کے حصول میں معاون طریقے مزید بہتر بنانے کا جائزہ لیا گیا۔
علاوہ ازیں مختلف شعبوں میں مملکت اور قازقستان کے درمیان تعاون کے مواقع اور انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے والی تدابیر پر تبادلہ خیال ہوا ہے۔
سعودی وژن 2030 کے تناظر میں دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی شراکت کے استحکام، سیاسی و اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے اور عالمی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تائید و حمایت کے موضوع پر بھی بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر قازقستان میں متعین سعودی سفیر عبدالعزیز بن عبداللہ الداود اور وزیر خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الداود بھی موجود تھے۔
علاوہ ازیں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پیر کو قازقستان کے دفتر خارجہ میں وزیر خارجہ مختار تلیویردی سے بھی ملاقات کی ہے۔
 دونوں برادر ملکوں کے تعلقات اور مختلف شعبوں میں انہیں مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
علاوہ ازیں باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر نقطہ ہائے نظر کا تبادلہ کیا گیا۔

شیئر: