’سعودی عرب ہمیشہ مسلم ملکوں میں انسانی ہمدردی کی کوششوں میں شامل رہا‘
علاقائی اور بین الاقوامی تنظیموں کے ذریعے سپورٹ کی پیشکش کی ہے( فائل فوٹو روئٹرز)
سعودی عرب کے وزیر خزانہ اور اسلامی ترقیاتی بینک کے گورنر محمد الجدعان نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مسلم ممالک میں انسانی ہمدردی اور ترقیاتی کوششوں میں شامل ہونے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق محمد الجدعان مصر کے شہر شرم الشیخ میں اسلامی ترقیاتی بینک گروپ کے سالانہ اجلاس جس کا عنوان بحالی سے آگے: لچک اور پائیدار تھا سے خطاب کر رہے تھے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اسلامی ترقیاتی بینک کے بورڈ آف گورنرز کے 47 ویں سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الجدعان نے کہا کہ سعودی عرب نے اپنے قیام کے بعد سے ہی ہمیشہ مسلم ممالک میں انسانی ہمدردی اور ترقیاتی کوششوں میں شامل ہونے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’مملکت دو طرفہ سطح، علاقائی اور بین الاقوامی تنظیموں کے ذریعے ہر قسم کی سپورٹ کی پیشکش کر رہی ہے۔‘
سعودی وزیر خزانہ نے کہا کہ شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں مملکت کی طرف سے کی گئی ایسی کوششوں نے مسلم دنیا میں ترقی کے عمل کی سپورٹ میں مملکت کی قیادت اور عوام کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔
محمد الجدعان نے نشاندہی کی کہ دنیا کو اس وقت جغرافیائی سیاسی اور اقتصادی چیلنجوں کا سامنا ہے جو اسلامی ترقیاتی بینک گروپ کے ممالک کو خطے کے اقتصادیات پر افراط زر کے دباؤ، سپلائی چین میں خلل کے منفی اثرات کو ختم کرنے کے لیے تعاون اور ہم آہنگی کی سطح کو بڑھانے پر مجبور کرتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ دنیا کو بالعموم اور مسلم دنیا کو خاص طور پر بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے جس کے لیے بینک کے ادارہ جاتی اور انضمام کی کوششوں کو مضبوط کرنے کے لیے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔
محمد الجدعان نے اسلامی ترقیاتی بینک گروپ پر زور دیا کہ وہ رکن ممالک میں غذائی تحفظ کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ایک فوری اور جامع منصوبہ تیار کریں۔
سعودی وزیر خزانہ نے بینک گروپ اور رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ ایسے انیشیٹوز کی سپورٹ کریں اور عالمی ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ان کے پیش کردہ فوائد کا بہترین استعمال کریں۔