Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی کی ملاقات

وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ (فوٹو: وزارت خارجہ)
پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔
پیر کو پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع تر امکانات کو دیکھتے ہوئے دو طرفہ اقتصادی روابط کو مزید فروغ دینے پر اتفاق ہوا۔‘
اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے نے ٹویٹ کیا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ اور امارات کے سفیر نے علاقائی، عالمی صورتحال اور دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر بات چیت کی۔
سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ’پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے قریبی اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات نصف صدی پر محیط ہوچکے ہیں جو قابل فخر ہیں۔‘
 چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے مابین تاریخی، سماجی، ثقافتی اور کثیر الجہتی تعلقات ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات خطے اور مسلمان دنیا کے اہم ممالک ہیں۔
’مسلمان ممالک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا۔ پاکستان میں سرمایہ کاری و تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ جس سے یو اے ای کو بھر پور استفادہ حاصل کرنا چاہیے۔‘

 چیئرمین سینیٹ کے مطابق امارات اور پاکستان کے مابین تاریخی، ثقافتی اور کثیر الجہتی تعلقات ہیں۔ (فوٹو: سینیٹ)

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ دونوں ممالک خطے کی ترقی و خوشحالی کے لیے مشترکہ ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں جس سے علاقائی سطح پر مزید ترقی و خوشحالی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ یو اے ای میں تقریباً 16 لاکھ پاکستانی روزگار سے وابستہ ہیں جو نہ صرف پاکستان بلکہ یواے ای کی ترقی کے لیے بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے لیے انتہائی اہم  ملک ہے اوردونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا چاہتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ’متحدہ عرب امارات پاکستان میں سرمایہ کاری کر کے دونوں ممالک کے لیے ترقی کی راہیں ہموار کرے گا۔‘
سفیر نے متحدہ عرب امارات کی اقتصادی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا۔

شیئر: