Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

داخلی عازمین کے لیے صحت ضوابط جاری

گردن توڑ بخارکی ویکسین کا سرٹیفکیٹ پیش کرنا ضروری ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
وزارت صحت کی جانب سے داخلی عازمین حج کے لیے 4 نکات پرمشتمل ضوابط جاری کردیئے گئے ہیں۔ امسال حج  قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے عازمین کوہدایت کی گئی ہے کہ وہ ویکسینیشن کا کورس مکمل کریں۔
سبق نیوز کے مطابق وزارت صحت نے امسال فریضہ حج کے لیے جانے والے سعودی شہری اور مقیم غیر ملکیوں کو ہدایت کی ہے کہ حج کے لیے ویکسین کی دونوں خوراکیں لینا ضروری ہے اگر بوسٹرڈوز کا وقت ہو چکا ہے تو وہ بھی لگوائیں۔
وزارت  کی جانب سے جاری  ضوابط کے حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ 5 برس کے دوران میننجائٹس (گردن توڑ بخار) کی ویکسین لگانا ضروری ہے۔ ویکسین کا ثبوت بھی فراہم کیاجائے۔
علاوہ ازیں حج پرروانگی سے قبل موسمی فلو کی ویکسین بھی لگوانا ضروری ہے۔ وزارت نے مزید کہا ہے کہ اگرکوئی عازم حج اپنے اندر بخار یا کورونا کے حوالے سے علامات محسوس کرے تو اسے چاہئے کہ فوری طورپرکووڈ کا ٹیسٹ کرائے اورمقررہ احتیاطی تدابیر پرسختی سے عمل کرے۔
واضح رہے امسال داخلی عازمین حج کا انتخاب ڈیجیٹل قرعہ اندازی سے کیا گیا ہے جس کےلیے بنیادی شرط ویکسینیشن کا کورس مکمل کرنا ہے۔

 کورونا کی علامات ظاہرہونے پرفوری ٹیسٹ کرایا جائے(فوٹو،ٹوئٹر)

قرعہ اندازی میں ایسے درخواست گزاروں کو اولیت دی گئی ہے جنہوں نے اس سے قبل فریضہ حج ادا نہیں کیا۔ یا وہ افراد جنہوں نے گزشتہ 5 برس کے دوران حج  نہیں کیا۔
امسال مشاعرمقدسہ میں داخلی عازمین کےلیے تین کیٹگریز مقرر کی گئی ہیں جن میں منی ٹاورز ، ضیافہ ون اور ضیافہ ٹو شامل ہیں۔ حج پیکیجز میں مشاعر مقدسہ میں قیام وطعام کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

شیئر: