عمرہ کے لیے بکنگ 30 جولائی سے کرائی جا سکتی ہے
بکنگ کراتے وقت زائرین کو متعدد آپشن دیے جائیں گے (فوٹو: عاجل)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ یکم محرم 1444ھ مطابق 30 جولائی 2022 سے عمرہ پرمٹ اور بکنگ اعتمرنا کے ذریعے کرائی جا سکتی ہے۔
عاجل، سبق اور اخبار 24 کے مطابق وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ عمرہ زائرین سکون و اطمینان اور سہولت و آسانی سے عمرہ کر سکیں گے۔ زائرین کے لیے مطلوب تمام سہولتیں مہیا ہوں گی۔ اعتمرنا ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ کے اجرا اور بکنگ کی سہولت اسی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
اعتمرنا ایپ کے ذریعے مسجد الحرام کی گنجائش کے لحاظ سے عمرہ پرمٹ جاری ہوں گے۔ بکنگ کراتے وقت زائرین کو متعدد آپشن دیے جائیں گے۔
اعتمرنا ایپ کے ذریعے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں داخلے کے حوالے سے متعدد ہدایات بھی پیش کی جا رہی ہیں۔
اعتمرنا ایپ کے ذریعے عمرہ اور زیارت کے پرمٹ اور اس کی بکنگ سعودی شہری اور مقیم غیرملکی بھی کرا سکتے ہیں۔ خلیجی تعاون کونسل کے شہریوں اور وہاں مقیم غیرملکیوں کو بھی یہی سہولت حاصل ہوگی۔
وزارت نے توجہ دلائی ہے کہ عمرہ پرمٹ کے لیے بکنگ کا دارومدار حرم شریف میں گنجائش پر ہے، اگر سبز رنگ نظر آ رہا ہو تو اس کا مطلب یہ ہے کہ معمولی بھیڑ ہے۔ سرخ رنگ زیادہ رش کی علامت ہے جبکہ نارنجی رنگ اوسط درجے کے رش کا پتہ دیتا ہے اور سرمئی رنگ اس بات کی علامت ہے کہ حرم شریف میں مزید بکنگ کی گنجائش نہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں