Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران میں سویڈن کا شہری جاسوسی کے الزام میں گرفتار

مشتبہ شخص نے اسرائیل کے زیر قبضہ فلسطینی علاقے کا سفر بھی کیا ہے۔ فوٹو آئی ایف پی نیوز
ایران  میں سویڈن کے ایک شہری کو جاسوسی کرنے کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا ہےتاہم ہفتے کے روز جاری کی گئی  رپورٹ میں اس شخص کے نام کی وضاحت نہیں کی گئی۔
روئٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی اسلامی رپبلک نیوز ایجنسی (آئی آر این اے) نے رپورٹ میں سویڈن شہری کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔
وزارت کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے سرکاری نیوز ایجنسی نے رپورٹ میں کہا ہے کہ سویڈن کے شہری کی گرفتاری کب عمل میں آئی اس بارے میں بھی کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔
اس شخص کی گرفتاری کے بارے میں سویڈن کی وزارت خارجہ  کا کہنا ہے کہ ہماری وزارت اس معاملے سے آگاہ ہے۔
سویڈن کی وزرات خارجہ کے ترجمان نے ای میل کے ذریعے کئے گئے تبصرے میں وضاحت کی ہے کہ ہمیں اس بارے میں پتہ ہے اور کچھ عرصہ سے اس کی تفصیلات حاصل کرنے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔
سویڈن کی وزارت خارجہ کے ترجمان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مئی میں ہونے والی اس گرفتاری کے بارے میں ابھی یہ بھی واضح نہیں کہ آیا یہ شخص سویڈن کا باشندہ ہے، ایران کی جانب سے اس کی گرفتاری کی اطلاع نہیں دی گئی۔

سویڈن کی وزارت خارجہ مشتبہ شخص کی گرفتاری سے آگاہ ہے۔ فوٹو عرب نیوز

ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس  کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مشتبہ شخص کی انٹیلی جنس کی جانب سے نگرانی کی جاتی رہی ہے جو حالیہ عرصہ میں متعدد بار ایران کے شہروں کا دورہ کرتا رہا ہے۔ اس کے مشکوک رویے اور رابطے کسی بھی طرح سیاحت سے میل نہیں کھاتے۔
مشتبہ شخص کی ایران آمد سے  قبل اسرائیل کے زیر قبضہ فلسطینی علاقوں کے سفر کی تاریخ  بھی ملتی تھی۔
واضح رہے کہ سویڈن اور ایران کے درمیان تعلقات اس وقت سے کشیدہ ہیں جب سویڈن نے 1980 کی دہائی میں ایک سابق ایرانی اہلکار کو جنگی جرائم کے الزام میں حراست میں لیا اور  ایرانی جیل میں سیاسی قیدیوں کو بڑے پیمانے پر سزائے موت دینے اور ان پر تشدد کرنے کے الزام میں مقدمہ چلایا۔

سویڈن نے80 کی دہائی میں ایرانی اہلکار کو حراست میں لیا تھا۔ فوٹو الشرق الاوسط

سویڈن کی عدالت نے حامد نوری نامی شخص کو 14 جولائی کو عمر قید کی سزا سنائی ہے جب کہ ایران نے اس فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیاسی  محرک ہے اور یہ سزا  دئیے جانے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔
علاوہ ازیں  ایرانی وزارت خارجہ نے تہران میں سویڈن کے ناظم الامور کو طلب کرکے حامد نوری کی سزا پر احتجاج کیا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں ایرانی سیکیورٹی فورسز نے درجنوں غیر ملکیوں اور دہری شہریت رکھنے والے شہریوں کو جاسوسی سے متعلق مختلف الزامات میں گرفتار کیا ہے۔
 

شیئر: