Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سنسنی سے بھرپور نیٹ فلکس سیریز ’دہلی کرائم‘ کا دوسرا سیزن 26 اگست سے

دہلی کرائم 2 کی کہانی نئی دہلی میں ہونے والے جرائم کی گھتی سلجھانے کے گرد گھومتی ہے (فائل فوٹو: نیٹ فلکس)
سنہ 2019 میں نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی ویب سیریز ’دہلی کرائم‘ کا دوسرا سیزن 26 اگست کو ریلیز ہوگا۔
دہلی کرائم کے دوسرے سیزن میں بھی شیفالی شاہ، راسیکا دُگل اور راجیش تیلنگ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
دہلی کرائم 2 کی کہانی انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں ہونے والے جرائم کی گتھی سلجھانے کے گرد گھومتی ہے۔
دہلی کرائم کے پہلے سیزن کی کہانی 2012 میں نئی دہلی میں ہونے والے نربھیا ریپ کیس کے گرد گھومتی ہے جس نے پورے انڈیا میں تہلکہ مچا دیا تھا۔
دہلی کرائم کے پہلے سیزن میں شیفالی شاہ مرکزی پولیس افسر (ڈی سی پی ورتیکا) کا کردار ادا کرتی ہیں جو جدید تحقیقاتی طریقوں سے نربھیا کے ساتھ زیادتی کرنے والے ملزمان کو ڈھونڈتی ہیں اور انھیں سزا دلواتی ہیں۔
دہلی کرائم کے دوسرے سیزن کے ٹریلر کے مطابق اس سیزن کی کہانی نئی دہلی میں ہونے والے بزرگ شہریوں کے قتل کے گرد گھومتی ہے جن کے قاتلوں تک پہنچنے کے لیے ڈی سی پی ورتیکا (شیفالی شاہ) اور ان کی ٹیم ایڑی چوٹی کا زور لگا دیتے ہیں۔
 نیٹ فلکس کی سیریز دہلی کرائم کے دوسرے سیزن کے بارے میں یوٹیوب پر صارفین کی جانب سے تبصرے بھی دیکھنے میں آرہے ہیں۔
ابھیمنیو جی لکھتے ہیں کہ ’میں بس جرائم و تفتیش پر مبنی ویب سیریز اور فلم سے پیار کرتا ہوں، جیسے پولیس کام کرتی ہے، بہت پیار ہے اس سے۔‘
آرون وُو نے لکھا ہے کہ ’پچھلے سال سے ہی سیزن 2 کا انتظار کر رہا ہوں، آخرکار یہ ریلیز ہونے والا ہے، اس کے لیے انتظار نہیں ہورہا۔‘
روگ نروگ نے کہا ہے کہ ’شیفالی شاہ کسی بھی رول میں بہترین ہیں۔‘
کاجل کہتی ہیں کہ ’اس وقت شیفالی سب سے شاندار اداکارہ ہیں، مجھے ان کی پرفارمنس بہت اچھی لگتی ہے، یہ واقعی گفٹڈ ہیں۔‘

شیئر: