پاکستان میں نیٹ فلکس پر کون سی فلمیں ٹرینڈ کر رہی ہیں؟
جمعہ 19 اگست 2022 20:32
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
نئی اور پرانی فلمیں نیٹ فلکس کے ٹرینڈنگ چارٹ کا حصہ ہیں (فائل فوٹو: پکسابے)
مقبول سٹریمنگ پلیٹ فارمز میں سے ایک نیٹ فلکس پاکستان میں بھی زیادہ دلچسپی سے دیکھا جانے والا پلیٹ فارم ہے۔
پاکستانی صارفین کی جانب سے زیادہ توجہ سے دیکھے جانے والا مواد نیٹ فلکس کی ٹرینڈنگ لسٹ کا حصہ بنتا ہے۔
جمعے کو پاکستان میں نیٹ فلکس پر متعدد نئی و پرانی فلمیں ٹرینڈنگ چارٹ کا حصہ رہیں۔
1: ڈے شفٹ
ایڈونچر، ہارر اور کامیڈی سے بھرپور یہ فلم 12 اگست کو ںیٹ فلکس پر ریلیز کی گئی تھی۔
ڈے شفٹ میں سُنوپ ڈاگ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ ان کے ساتھ جیمی فوکس اور ڈیو فرینکو بھی ایکشن اور ایڈونچر میں نظر آئیں گے۔
ڈے شفٹ کی کہانی ویمپائر کے شکاری کے گرد گھومتی ہے جو اپنی بیٹی کی زندگی کو بہتر بنانا چاہتا ہے لیکن اسے ویمپائرز کا سامنا کرنا پڑ جاتا ہے۔
ںیٹ فلکس کی یہ فلم پاکستان میں پہلے نمبر پر ٹرینڈ کر رہی ہے۔

2: نکما
نکما رواں سال جون میں نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی ہندی فلم ہے۔
ابھیمنیو داسانی اور شرلی سیٹیا کی یہ فلم ناقدین سمیت فلم بینوں کو پسند تو نہیں آئی لیکن یہ فلم نیٹ فلکس پر پاکستان میں دوسرے نمبر پر ٹرینڈ کر رہی ہے۔
فلم کی کہانی ایک ایسا کاہل شخص کے گرد گھومتی ہے جو اپنی محنتی بھابھی کے ساتھ مقابلہ کرتا ہے لیکن پھر وہ دونوں مشترکہ دشمن کے خلاف لڑتے ہیں۔
3: ڈارلنگز
عالیہ بھٹ اور شیفالی شاہ کی یہ فلم رواں سال کی سب سے کامیاب فلم مانی جارہی ہے۔
فلم اپنی ریلیز کے بعد سے ہی اب تک ںیٹ فلکس پر ٹرینڈ کر رہی ہے۔

فلم ڈارلنگز کی کہانی گھریلو تشدد اور ماں بیٹی کی پدرشاہی کے خلاف جدوجہد پر مبنی ہے۔
فلم ڈارلنگز نیٹ فلکس پر جمعے کے روز پاکستان میں تیسرے نمبر پر ٹرینڈ کر رہی ہے۔
4: شاباش متھو
انڈیا کی خاتون کرکٹر متھالی راج کی زندگی پر بننے والی فلم ’شاباش متھو‘ اپنی کمزور کہانی اور ناقص ہدایت کاری کے باعث سینیما گھروں میں تو بُری طرح فلاپ ہوئی تھی لیکن نیٹ فلکس پر اس فلم کو پسند کیا جارہا ہے۔
فلم شاباش متھو میں تاپسی پنوں متھالی راج کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
فلم متھالی راج کی انڈین ٹیم میں آنے کی جدوجہد اور مشکلات پر بنائی گئی ہے۔

شاباش متھو نیٹ فلکس پر چوتھے نمبر پر ٹرینڈ کر رہی ہے۔
5: بلڈ شاٹ
سنہ 2020 میں ہالی وڈ کے مشہور اداکار وِن ڈیزل کی ایکشن سائنس تھرلر فلم کو نیٹ فلکس پر بڑی تعداد میں دیکھا جارہا ہے۔
فلم کی کہانی ایک ایسے فوجی کے گرد گھومتی ہے جو مرنے کے بعد دوبارہ زندہ ہوتا ہے اور اسے نئی زندگی میں مافوق الفطرت طاقتیں مل جاتی ہیں جس کے بعد یہ فوجی اپنی موت کا بدلہ اپنے دشمنوں سے لیتا ہے۔
فلم بلڈ شاٹ نیٹ فلکس پر پانچویں نمبر پر ٹرینڈ کر رہی ہے۔