’دل تڑپ گیا‘، مریم نواز کا سیلاب متاثرین کے پاس جانے کا اعلان
منگل 23 اگست 2022 20:08
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے جنوبی پنجاب میں سیلاب متاثرین سے منسوب چند تصاویر شیئر کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ ’خود جا رہی ہیں۔‘
منگل کی رات اپنے ٹوئٹر پیغام میں مریم نواز نے لکھا کہ ’راجن پور کی یہ تصاویر دیکھ کر دل تڑپ گیا‘۔ انہوں نے ’تمام حکومتوں اور مخیر حضرات سے درخواست‘ بھی کی کہ ’مصیبت میں مبتلا اللّہ کی مخلوق کی خبر گیری کریں۔‘
مریم نواز کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے علاقوں میں سیلاب سے متاثر ہونے والوں کا ذکر کرتے ہوئے ملک کی سیاسی قیادت سے انہیں نظرانداز کرنے کا شکوہ کیا جا رہا ہے۔
لیگی رہنما کی جانب سے کی گئی ٹویٹ کے جواب میں جہاں بہت سے افراد نے شکوہ کیا کہ انہوں نے ’تاخیر کر دی ہے‘ وہیں کئی افراد نے انہیں دیگر سیاسی قیادت کو بھی اس معاملے پر اکٹھا کرنے کی دعوت دی۔
متعدد صارفین نے سندھ اور بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے توجہ دلائی کہ ان کی بھی دادرسی کی جائے۔
سیلاب متاثرین کو نظرانداز کرنے کا شکوہ ہوا تو عبدالرحمن راجپوت نے ایک مختصر ویڈیو شیئر کی جس میں سندھ میں سیلاب سے تباہ ہونے والے ایک گھر کا مکین ملبے پر کھڑے ہو کر گفتگو کرتے ہوئے رو دیا۔ متاثرہ شخص کا کہنا تھا کہ ’اب ہم نے حکمرانوں کی طرف دیکھنا ہی چھوڑ دیا ہے۔‘
پنجاب میں سیلابی صورتحال کے پس پردہ عوامل کا ذکر کرنے والوں نے اس معاملے میں بدانتظامی کی نشاندہی بھی کی۔
سید ذیشان عزیز نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’فاضل پور شہر بچانے کے لیے افضل آباد پر کٹ کیوں نہیں لگایا جا رہا؟ کیا کسی کی زمینیں بچانے کے لیے پورا شہر ڈبویا جا رہا ہے۔‘