غیر قانونی تارکین اور انہیں ٹرانسپورٹ کی سہولت دینے والے غیر ملکی گرفتار
کارروائی کے بعد تمام افراد کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کیا جائے گا۔ (فوٹو عاجل)
سعودی سیکیورٹی فورس نے جدہ میں دو ایسے غیرملکیوں کو گرفتار کیا ہے جو مسروقہ گاڑی میں 5 غیر قانونی تارکین کو دوسری جگہ منتقل کررہے تھے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سیکیورٹی فورس کا کہنا ہے کہ ایک گاڑی کو شک کی بنیاد پر روکا گیا جس میں غیرملکی سوار تھے۔ ان میں 2 افراد قانونی طور پرمملکت میں مقیم تھے جبکہ دیگر 5 غیر قانونی تارکین سرحدی امن قانون کی خلاف ورزی کررہے تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ گرفتار کیے جانے والے تمام افراد کا تعلق سوڈان سے ہے اور جس گاڑی میں تھے وہ بھی چوری کی تھی۔
سیکیورٹی فورس کا کہنا ہے کہ زیر حراست غیرملکیوں سے تفتیش کی جارہی ہے اور انہیں پبلک پراسیکیوشن کی تویل میں دیا جائے گا۔
مکہ مکرمہ ریجن پولیس کے میڈیا ترجمان کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم یا دراندازوں کو رہائش، ملازمت یا سفر کی سہولت فراہم کرنا جرم ہے اور اس پر 15 سال قید اور 10 لاکھ ریال جرمانے کی سزا ہے۔ اس کے علاوہ رہائش کے لیے فراہم کردہ مکان اور سفر کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی دونوں ضبط کرلیے جائیں گے اور اس حوالے سے تشہیر بھی کی جائے گی۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں