Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کی 10 خواتین نے افریقہ کی سب سے اونچی چوٹی سر کر لی

افریقہ کی بلند چوٹی سر کر کے اماراتی خواتین نے اپنا ملکی پرچم لہرایا۔ فوٹو: وام
متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والی 10 خواتین نے افریقہ کی سب سے اونچی چوٹی سر کر لی ہے۔
امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق اتوار کو یو اے ای کی 10 خواتین نے تنزانیہ میں واقع افریقہ کی سب سے اونچی چوٹی ماؤنٹ کیلیمنجرو سر کی۔
وام کے مطابق اس مہم کا اہتمام ’مجلس ابوظبی‘ نے اماراتی خواتین کے دن کو منانے کے لیے کیا تھا۔ اس چوٹی کی اونچائی پانچ ہزار 895 میٹر ہے۔
چوٹی سر کر کے اماراتی خواتین نے اپنا ملکی پرچم لہرایا۔
سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق چوٹی سر کرنے کی یہ کامیاب مہم امارات کی خواتین کے باہمی تعاون کے ساتھ کام کرنے اور رکاوٹوں کو عبور کرنے کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔
اماراتی خواتین کا دن ہر سال 28 اگست کو منایا جاتا ہے۔ اتوار کو اس دن کے موقع پر ملک بھر میں خواتین نے مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
وام کے مطابق اس موقع پر خواتین اور لڑکیوں کو بااختیار بنانے کے لیے قومی قیادت کو سراہا گیا۔
یو اے ای میں شیخہ فاطمہ بنت مبارک کے غیرمعمولی کردار کا بھی دخل ہے جو جنرل وومن یونین کی سربراہ ہیں۔ وہ فیملی ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن کی سپریم کونسل کی سربراہی بھی کرتی ہیں۔

شیئر: