Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دیوالی جلدی آگئی،‘ وراٹ کوہلی کی سینچری نے ناقدین کو خاموش کروا دیا

کوہلی کی یہ اپنے کیریئر کی 71 ویں سینچری تھی۔ (فوٹو: اےا ایف پی)
انڈیا کے سابق کپتان وراٹ کوہلی نے تقریباً تین سال کے طویل عرصے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں سینچری سکور کی ہے اور یہ سینچری انہوں نے جمعرات کو افغانستان کے خلاف ایشیا کپ کے آخری میچ میں سکور کی ہے۔
وراٹ کوہلی نے کسی بھی انٹرنیشنل فارمیٹ میں آخری سینچری نومبر 2019 میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ میچ میں سکور کی تھی۔ اس کے بعد ایک طویل عرصہ ان کی بیٹنگ فارم خراب رہی جس کے باعث انہیں اپنے پرستاروں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔
لیکن اس ایشیا کپ میں وراٹ کوہلی اپنی پرانی فارم میں واپس آتے ہوئے نظر آرہے۔ جمعرات کو انہوں نے 61 گیندوں پر 122 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور اسی ٹورنامنٹ میں وہ پاکستان اور ہانگ کانگ کے خلاف دو نصف سینچریاں بناچکے ہیں۔
وراٹ کوہلی کی سینچری پر سوشل میڈیا پر ان کے فینز کافی خوش نظر آرہے ہیں اور ان سے اپنی محبت کا اظہار کررہے ہیں۔
گراؤنڈ کے اندر بیٹھے تماشائی بھی سابق انڈین کپتان کو سینچری پر داد دیتے اور ان کے سامنے اپنے سر جھکانے نظر آئے۔
وراٹ کوہلی نے افغانستان کے خلاف سینچری اپنی بیوی انوشکا شرما اور بیٹی وامیکا کے نام کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’آپ مجھے یہاں کھڑے ہوئے دیکھ رہے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ شخص نے تمام چیزوں کو مجھے درست تناظر میں سمجھایا اور وہ انوشکا ہے۔‘
کوہلی کی سینچری پر سابق اور موجودہ کھلاڑی بھی ان کی تعریف کررہے ہیں۔ پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’عظیم وراٹ کوہلی کی واپسی ہوگئی۔‘
خیال رہے یہ وراٹ کوہلی کی انٹرنیشنل ٹی 20 کیریئر میں پہلی سینچری ہے۔
پاکستان فاسٹ بولر رومان رئیس نے بھی کوہلی کی بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں ’مزہ آگیا‘۔
کچھ صارفین کا یہ بھی کہنا ہے کہ افغانستان کے خلاف اس سینچری نے کوہلی کے ناقدین کو خاموش کروادیا ہے۔
کرکٹ کے ’مسٹر 360‘ اے بی ڈویلیرز نے بھی سابق انڈین کپتان کو سینچری پر مبارکباد دی اور لکھا ’جب میں نے ان سے کل بات کی تھی مجھے پتہ تھا کہ کچھ تو پک رہا ہے۔‘
مفصل وہرا نے ایک الگ انداز سے وراٹ کوہلی کو سینچری پر مبارکباد دیتے ہوئے لکھا ’شکریہ وراٹ کوہلی دیوالی جلدی لانے کے لیے۔‘
واضح رہے انڈیا نے افغانستان کو اس میچ میں 101 رنز سے شکست دے دی ہے۔ واضح رہے انڈیا اور افغانستان دونوں ہی ٹیمیں اس ٹورنامنٹ سے باہر ہوچکی ہیں۔
ایشیاکپ کے سپر فور مرحلے میں آخری میچ میں پاکستان اور سری لنکا 9 ستمبر کو مدمقابل ہوں گی اور ایشیا کپ کا فائنل ان ہی دونوں ٹیموں کے درمیان 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

شیئر: