اسلام آباد میں چینی شہری کی کم عمر لڑکی سے مبینہ جنسی زیادتی، مقدمہ درج
جمعرات 15 ستمبر 2022 12:48
اسلام آباد پولیس کی جانب سے متاثرہ لڑکی کا میڈیکل چیک اپ کرایا جا رہا ہے۔ (فوٹو: اسلام آباد پولیس)
اسلام آباد میں ایک چینی شہری کے خلاف کم عمر پاکستانی لڑکی کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
متاثرہ لڑکی نے چینی کمپنی کے مالک کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ کورال میں مقدمہ درج کرایا ہے۔
راولپنڈی کی رہائشی لڑکی کی جانب سے درج کرائے گئے مقدمے کے مطابق وہ نویں کلاس کی طالبہ ہے اور اس کی عمر 16 برس ہے۔
لڑکی نے پولیس کو بتایا کہ وہ گزشتہ ڈیڑھ برس سے سکیورٹی کیمروں کی انسٹالیشن سے وابستہ کمپنی میں پارٹ ٹائم ملازم ہے۔
متاثرہ لڑکی کے بیان کے مطابق کمپنی کے مالک نے اُن کو جنوری 2022 کے بعد سے متعدد مرتبہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جس سے وہ حاملہ ہو گئیں۔
پنجاب کے ضلع لودھراں سے تعلق رکھنے والی لڑکی کے درج کرائے گئے مقدمے کے متن کے مطابق ’میں نے ڈر اور خوف کی وجہ سے گھر پر ذکر نہیں کیا۔ میری صحت کو دیکھتے ہوئے میری بڑی بہن مجھے ہسپتال لے گئیں جہاں الٹرا ساؤنڈ رپورٹ کے بعد واضح ہوا کہ میں 31 ہفتوں اور تین دن کے حمل سے ہوں۔‘
اسلام آباد پولیس کی جانب سے متاثرہ لڑکی کا میڈیکل چیک اپ کرایا جا رہا ہے۔
مقدمہ درج کروانے والی متاثرہ لڑکی کا تعلق ضلع لودھراں سے ہے تاہم وہ راولپنڈی میں رہائش پذیر ہے۔
گزشتہ ایک سال سے زیادہ عرصے سے وہ اس کمپنی میں ملازمت کر رہی تھی اور 15 روپے تنخواہ لے رہی تھی۔
چینی باشندے پر تعزیرات پاکستان کی دفعات 599، 506 اور 376 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔