شاہ سلمان مرکز کی یمن اور لبنان میں امدادی سرگرمیاں جاری
یمن کے مارب گورنریٹ میں 297 ٹن اور 460 کلوگرام فوڈ باسکٹ تقسیم کی ہیں( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی یمن اور لبنان میں جاری امدادی کاموں سے ضرورت مند خاندانوں اور پناہ گزینوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یمن کے حضر موت گورنریٹ میں شاہ سلمان مرکز نے مصنوعی اعضا اور بحالی مرکز کے ساتھ شراکت داری کی تاکہ اگست 2022 میں 342 یمنی افراد کے لیے مختلف طبی خدمات فراہم کی جائیں جو اپنے اعضا کھو چکے ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے یمن کے مارب گورنریٹ میں اندرونی تنازعات سے متاثرہ خاندانوں کے لیے 297 ٹن اور 460 کلوگرام فوڈ باسکٹ تقسیم کیں۔
امدادی ایجنسی کا مقصد 20 ہزار ٹن سے زیادہ وزنی ایک لاکھ 92 ہزار فوڈ باسکٹ کو یمن کے 15 گورنریٹس میں متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کرنا ہے۔
شمالی لبنان کے منییہ علاقے میں سبل السلام سوشل سوسائٹی کی ایمبولینس سروس جس کی مالی اعانت شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے ذریعے کی جا رہی ہے نے گزشتہ ہفتے کے دوران 67 ہنگامی مشنز انجام دیے۔
ان مشنز میں مریضوں کو ہسپتالوں میں پہنچانا اور منییہ شہر میں ٹریفک حادثات میں زخمی ہونے والوں کو ایمبولینس کی خدمات فراہم کرنا شامل تھا۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 84 ممالک میں مختلف قسم کے 1997 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 175 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر5.7 بلین ڈالرکی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 369 ملین ڈالر، شام میں 327 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 216 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔