آؤٹ لیٹ 2022: ریاض میں شاپنگ فیسٹیول
فیسٹیول میں انٹرنیشنل برانڈز کی تین ملین سے زیادہ رعایتی اشیا شامل ہوں گی۔ ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی نے مملکت میں اپنی نوعیت کے پہلے آؤٹ لیٹ 2022 شاپنگ فیسٹیول کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق دو ہفتے کا آؤٹ ڈور فیسٹیول جو سنیچر کو شروع ہو گا فیشن، گھریلو لوازمات اور بین الاقوامی ماہرین کے ڈیزائن کردہ کاسمیٹک مصنوعات پر 70 فیصد تک کی خصوصی رعایت پیش کرے گا۔
سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آل شیخ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا کہ’ریاض میں ہونے والا یہ پروگرام ایک اہم انیشیٹو ہے۔‘
ترکی آل شیخ نے اپنی ٹویٹ میں مزید کہا کہ ’ہم جلد سعودی عرب میں اپنی نوعیت کا پہلا آؤٹ لیٹ فیسٹیول منعقد کریں گے۔ یہ فیسٹیول دنیا کے مشہور برانڈز کو اکٹھا کرے گا۔‘
ان کے مطابق ’یہ فیسٹیول سعودی دارالحکومت ریاض کے مغرب میں الرحاب محلے میں منعقد ہو گا۔ اس میں کھانے پینے کی جگہیں اور بچوں کے لیے تقریبات شامل ہوں گی۔‘
فرح احمد نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’وہ آؤٹ لیٹ کی تعمیر کا مشاہدہ کر رہی ہیں۔ یہ متاثر کن ہے کہ سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی نے کتنی جلدی جگہ بنائی۔ وہ اسے پورا کرنے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’فیسٹیول کے بارے میں بہت پرجوش ہوں، خاص طور پر (چونکہ) میں اس موسم گرما میں سفر یا خریداری کرنے کے قابل نہیں ہوں، پھر بھی مجھے لگتا ہے کہ دو ہفتے کافی نہیں ہیں۔ مجھے امید ہے کہ سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی اس میں مزید توسیع کرے گی۔‘
فیسٹیول میں داخلہ مفت ہے، اور اس میں ایک ہزار 500 بین الاقوامی برانڈز کی تین ملین سے زیادہ رعایتی اشیا شامل ہوں گی۔
فیسٹیول روزانہ 3 بجے سہ پہر سے صبح ایک بجے تک جاری رہے گا۔ اس کے ٹکٹ، ٹکٹ ایم ایکس ایپ اور ویب سائٹ کے ذریعے بک کیے جا سکتے ہیں۔ وی آئی پی اور وی وی آئی پی ٹکٹ پارکی ایپ اور ویب سائٹ کے ذریعے بک کیے جا سکتے ہیں۔