Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لانگ مارچ میں اسد عمر کا غصہ: ’آئندہ حماد کو نہیں ڈانٹنا‘

پی ٹی آئی نے دوسرے روز لانگ مارچ اعلان کردہ وقت سے پہلے ختم کردیا (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر بظاہر دھیمے مزاج کے فرد دکھائی دیتے ہیں تاہم جمعے کے روز شروع ہونے والے آزادی مارچ کے بعد ان کی مختلف رہنماؤں سے تکرار کو سوشل ٹائم لائنز نے نسبتاً حیرت سے دیکھا ہے۔
لاہور سے لانگ مارچ کے آغاز کے بعد ایک مرحلے پر پی ٹی آئی رہنما اسد عمر، پارٹی چیئرمین عمران خان کی موجودگی میں وسطی پنجاب کے سیکریٹری جنرل حماد اظہر پر غصہ ہوتے دکھائی دیے تو یہ مناظر ٹائم لائنز پر خاصے نمایاں رہے۔
اسد عمر کے مبینہ غصے اور حماد اظہر کو ’ڈانٹ پلانے‘ کا ذکر کرنے والوں نے صورت حال پر تعجب کا اظہار کیا تو یہ بھی لکھا کہ حماد اظہر اکلوتے نہیں، اسد عمر اس سے پہلے پارٹی کے ’لاہور کے صدر کو بھی دھکے دے چکے ہیں۔‘
پارٹی ورکرز نے معاملے پر تبصرے میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ کنٹینر تو محمود الرشید لے کر آئے تھے لیکن اسد عمر نے نہ صرف حماد اظہر کو ڈانٹا بلکہ علی نواز کو بھی دھکے دیے۔
’اسد عمر کے غصے اور ڈانٹ‘ پر گفتگو بڑھی تو انہوں نے ایک ٹویٹ کے ذریعے وضاحت کی کہ ’اللہ کے بندو اس وقت مجھے غصہ اس بات پر تھا کہ جنریٹر خراب ہوگیا تھا اور دوسرا آنے میں دیر ہو رہی تھی۔‘

اسد عمر کی وضاحت میں بیان کردہ وجہ پر تبصرہ کرتے ہوئے صدف اختر نے لکھا کہ ’ہم تو سمجھے اس بات پر غصہ ہیں کہ آپ بریانی کھلا رہے ہیں اور حماد اظہر پائے۔‘

ہاشم نے لکھا کہ ’وہ سب تو ٹھیک ہے لیکن آئندہ حماد کو ڈانٹنا نہیں۔‘
حفصہ اکبر نے ہاشم سے اتفاق کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’اتنے معصوم شخص کو ایسے ڈانٹ رہے تھے جیسے وہ پی ڈی ایم سے ہوں یا ڈرٹی ہیری ہو۔‘

جنریٹر کی خرابی پر غصے کا اعتراف ہوا تو مشود نے لکھا کہ ’یہ آپ کا انتظام ہے۔ آپ ایک جنریٹر کا انتظام نہیں کر سکے اور قوم کا توانائی کا بحران حل کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں۔‘

ابن اسماعیل شامی نے بھی اسد عمر کی وضاحت کو طنز کا موقع بنایا تو لکھا کہ ’دو سابق وزرائے خزانہ اس لیے لڑ رہے تھے کہ جنریٹر خراب ہوگیا تھا۔‘
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے 28 اکتوبر کو لاہور سے لانگ مارچ شروع کر رکھا ہے جو اعلان کردہ پروگرام کے مطابق چار نومبر کو اسلام آباد پہنچے گا۔ سابق وزیراعظم عمران خان کا مطالبہ ہے کہ جلد انتخابات کا اعلان کیا جائے۔

شیئر: