Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بہت نازک صورتحال ہے،‘ پاکستانی فینز انڈیا کے لیے دعائیں کرنے لگے

انڈیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ پرتھ میں جاری ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ میں انڈیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ پاکستان کی سیمی فائنل تک کی رسائی کے لیے بہت اہم ہے۔
اتوار کا روز پاکستانی کرکٹ ٹیم اور مداحوں کے لیے کسی امتحان سے کم نہیں ہے۔
سیمی فائنل تک کی رسائی کے لیے پاکستان کو پہلے زمبابوے کے خلاف بنگلہ دیش کی جیت درکار تھی، جس میں بنگلہ دیش کامیاب رہا۔
اس کے بعد نیدرلینڈز کے خلاف پاکستان کا میچ ناک آوٹ تھا، جس میں پاکستان کامیاب رہا۔
تاہم جنوبی افریقہ اور انڈیا کے خلاف میچ میں بھی پاکستانی مداح انڈین ٹیم کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔
اگر انڈیا پرتھ میں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ جیتتا ہے تو پاکستان کو صرف جنوبی افریقہ کے خلاف میچ جیتنا ہوگا جس کے بعد پاکستان کی سیمی فائنل میں جانے کی راہ تقریبا ہموار ہوجائے گی۔
پاکستان اور اںڈیا کے اوپر ایک دوسرے کی کشتی پار لگانے کی  ذمہ داری کوئی پہلی مرتبہ نہیں عائد ہوئی۔
اس سے پہلے 2009 میں جنوبی افریقہ میں کھیلے گئی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں انڈیا کو سیمی فائنل میں جانے کے لیے پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف فتح درکار تھی، جس میں پاکستان ناکام رہا تھا اور انڈیا ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا تھا۔
اس کے بعد 2019 میں انگلینڈ اور ویلز میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان کو سیمی فائنل میں جانے کے لیے انڈیا کی انگلینڈ کے خلاف جیت درکار تھی جس میں انڈیا ناکام رہا تھا اور پاکستان ورلڈ کپ کا سیمی فائنل کھیلنے سے محروم رہا تھا۔
جنوبی افریقہ اور انڈیا کے اس میچ کے بارے میں پاکستانی مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر دلچسپ اور مزاح سے بھرپور تبصرے دیکھنے میں آرہے ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر محمد نُور نے انڈین بیٹر سوریا کمار یادو کی تصویر پاکستانی پرچم کے ساتھ لگا کر ایک میم شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارا سکائی 360 ڈگری نہیں، بلکہ 1080 ڈگری پلیئر ہے۔‘
ایک اور ٹوئٹر ہینڈل نے 2013 میں شاہ رخ خان کی ریلیز ہونے والی فلم ’چنئی ایکسپریس‘ کا سین لگاتے ہوئے صورتحال میم کی ذریعے بیان کی۔
ذونیر نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ایک پاکستانی مداح بنگلہ دیش، پاکستان اور انڈیا کے ترانے پر جھومتا نظر آرہا ہے اور ساتھ میں لکھا کہ ’بہت نازک صورتحال ہے۔
اریحہ فاطمہ نے لکھا کہ 'ڈیڑھ ارب لوگ انڈیا کو سپورٹ کر رہے ہوں گے، اگر تب بھی نہ جیتا تو یہ قدرت کا نظام ہے، قبول کرلینا۔
ابھیشیک نامی انڈین صارف نے میم شیئر کی جس میں پاکستانیوں کی جانب سے انڈیا کو سپورٹ کرنے پر انڈین عوام کا ردعمل مزاحیہ انداز میں بتایا گیا۔

 

شیئر: