مکہ میونسپلٹی نے 5 گودام سربمہر اور دو ٹن غذائی مواد تلف کر دیا
بلدیہ کے مطابق ’مرکزی علاقے میں واقع دکانوں اور مارکیٹوں کے تفتیشی دورے ہر وقت جاری ہیں۔‘ ( فوٹو: سبق)
مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے تفتیشی دورے کے دوران سکریپ کے پانچ گوداموں کو سربمہر کر دیا ہے جبکہ مختلف ریستورانوں سے دو ٹن غیر معیاری غذائی اشیا تلف کی ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق بلدیہ نے کہا ہے کہ ’سبزی اور پھلوں کے ٹھیلے لگانے والے متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔‘
بلدیہ کے مطابق ’سکریپ کے گوداموں میں سلامتی کے ضوابط کا خیال نہیں رکھا جارہا تھا۔‘
’اسی طرح شہر بھر میں تفتیشی دوروں میں کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے والی دکانوں کی خصوصی نگرانی جاری ہے۔ غیرقانونی طور پر ٹھیلے لگانے والوں سے جو سبزی اور پھل ضبط ہوئے ہیں ان میں جو قابل استعمال تھیں انہیں خیراتی تنظیموں کے حوالے کیا گیا ہے۔‘
بلدیہ نے کہا ہے کہ ’مرکزی علاقے میں واقع دکانوں اور مارکیٹوں کے تفتیشی دورے ہر وقت جاری ہیں جبکہ قیمتوں کی نگرانی روزانہ کی بنیاد پر کی جاتی ہے۔‘