Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قطر میں جذباتی مناظر، الجزائری والدہ کا اپنے بیٹے کو سرپرائز

سوشل میڈیا صارفین نے ماں بیٹے کی ملاقات کے جذباتی منظر کو غیرمعمولی قرار دیا۔ فوٹو: سکرین گریب
قطر میں جہاں فیفا فٹ بال ورلڈ کپ میں ٹیمیں کھیل پیش کر رہی ہیں وہیں سٹیڈیم سے باہر ہونے والے واقعات بھی خبروں کا حصہ بن رہے ہیں۔
ورلڈ کپ کے دوران سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں الجزائر سے تعلق رکھنے والی خاتون نے خصوصی طور پر قطر آ کر اپنے بیٹے کو سرپرائز دیا ہے۔
حمد لحدان نامی ایک صارف نے ٹویٹ کر کے کہا کہ ’الجزائر کی خاتون نے اپنے بیٹے کو سرپرائز دیا جو کہ قطر میں سیکیورٹی گارڈ ہے، وہ الجزائر سے دوحہ اپنے بیٹے کو ملنے آئی ہیں، بیٹے کے تاثرات دیکھیں جب اس نے اپنی والدہ کو دیکھا۔‘
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈیوٹی پر مامور بیٹا اپنی والدہ کو دیکھتے ہی حیران ہو گیا اور ماں بیٹا دونوں گلے مل کر جذباتی ہو گئے۔
ویڈیو میں نظر آنے والے نوجوان سیکیورٹی گارڈ کا نام مہدی ہے جن کا تعلق الجزائر سے ہے۔
کیلیفورنیا 18 ڈاٹ کام کے مطابق قطر میں بڑی تعداد میں الجزائر کے شہری کام کرتے ہیں اور فیفا ورلڈ کپ کے دوران وہاں الجزائری شہریوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
ماں اور بیٹے کی اس خوب صورت ویڈیو کے بارے میں ٹوئٹر صارفین کی جانب سے تبصرے بھی دیکھنے میں آرہے ہیں۔
یسیرو نے ٹویٹ میں کہا کہ 'یہ بہت خوبصورت ہے بھئی، آخری بار میں نے اپنی والدہ کو پانچ دن پہلے دیکھا تھا، میں ہر لمحے ان کی کمی محسوس کر رہا ہوں۔'
کویتا نائر لکھتی ہیں کہ 'اُف، جس پر ایسا کچھ نہ بِیتا ہو وہ کبھی نہیں سمجھ سکتا ہے کہ والدہ سے بچھڑنے کا دکھ کیا ہوتا ہے، اگر آپ والدہ سے سال میں ایک بار ملیں یا تین ماہ میں ایک بار ملیں، یہ چیز آپ کی زندگی بنا دیتا ہے۔'
احمد ایمن لکھتے ہیں کہ 'اس ویڈیو نے میرا دن یادگار بنا دیا ہے۔'
 
 

شیئر: