طالبان خواتین کی اعلٰی تعلیم پر پابندی کا فیصلہ واپس لیں: سعودی عرب
وزارت خارجہ نے بیان میں اس فیصلے پر حیرت اورافسوس کا اظہار کیا ہے( فوٹو اے ایف پی)
سعودی عرب نے بدھ کو طالبان سے کابل میں خواتین کی اعلی تعلیم پرعائد پابندی کا فیصلہ واپس لینے پر زور دیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اس فیصلے پر حیرت اورافسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ’ تمام مسلم ممالک کو بھی اس پرحیرت ہے‘۔
وزارت نے کہا کہ ’یہ فیصلہ افغان خواتین کے جائز شرعی حقوق کے بھی منافی ہے۔ ان حقوق میں تعلیم کا حق سرفہرست ہے جس کی بدولت خواتین اپنے ملک اورعوام کی خوشحالی، ترقی اور امن و استحکام میں اپنا کردار ادا کرسکتی ہیں‘۔
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے بھی افغان خواتین پر یونیورسٹیوں کے دروازے بند کرنے پرافغان حکومت کی مذمت کی ہے۔
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہ نے ایک بیان میں افغان خواتین پر یونیورسٹیوں کے دروازے غیر معینہ مدت تک بند کرنے کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ’افغان حکومت کے فیصلے پراسلامی تعاون تنظیم کو تشویش ہے۔ سیکریٹری جنرل اوران کے ایلچی برائے افغانستان کئی بارافغان حکام کو اس جیسے فیصلوں کے نتائج سے خبردار کرچکے ہیں‘۔
’ سیکریٹری جنرل کے ایلچی برائے افغانستان نے رواں برس نومبر میں دورہ کابل کے موقع پربھی یہ انتباہی پیغام پہنچایا تھا‘۔