Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقامہ ایکسپائر، گاڑی کا ’استمارہ‘ تجدید کرایا جاسکتا ہے؟

غیرملکی کارکن کے اقامہ نمبرہی اس کا شناختی نمبرہوتا ہے(فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں غیر ملکیوں کے لیے اقامہ اور رہائشی قوانین واضح ہیں جن پرعمل کرنا سب کے لیے لازمی ہے۔ آجر اور اجیر کے حوالے سے بھی قوانین موجود ہیں ان سے آگاہی ضروری ہے۔
 ٹریفک پولیس کے ٹوئٹرپرایک شخص نے دریافت کیا ’اقامہ ایکسپائرہونے کی صورت میں گاڑی کا استمارہ تجدید کرایا جاسکتا ہے؟‘ 
سوال کے جواب میں ادارہ ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ ’گاڑی کے استمارے( وہیکل رجسٹریشن کارڈ) کی تجدید کے لیےکارآمد اقامہ ہونا ضروری ہے۔ اقامہ تجدید کرانے کے بعد گاڑی کا استمارہ تجدید کرایا جاسکتا ہے‘۔ 
واضح رہے سعودی عرب میں مقیم غیرملکی کارکنوں کےتمام سرکاری اموراس وقت انجام نہیں دیئے جاسکتے جب اقامہ ایکسپائرہوجائے۔  
اقامہ ایکسپائرہونے کی صورت میں تمام سرکاری امور رک جاتے ہیں کیونکہ غیرملکی کارکن کے اقامہ نمبرہی اس کا شناختی نمبرہوتا ہے اس لیے جب شناختی کارڈ ایکسپائرہوجاتا ہے۔
اس صورت میں کوئی سرکاری کام جن میں ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید ، ورک پرمٹ ، گاڑی کا استمارہ یعنی ملکیتی کارڈ کی تجدید واجرا ، ٹیلی فون کنکشن وغیرہ و دیگرمعاملات کی انجام دہی شامل ہے۔ 
غیرملکی کارکن کا اقامہ ایکسپائرہونے پرجوازات میں کارکن کی فائل سیز کردی جاتی ہے اس کے ساتھ ہی تمام سرکاری معاملات اس وقت تک رک جاتے ہیں جب تک اقامہ تجدید نہیں کرلیاجاتا۔ 
جس طرح دیگر سرکاری معاملات اقامہ سے منسلک ہیں اسی طرح بینک اکاونٹ بھی اقامہ کارڈ سے مربوط ہے اقامہ ایکسپائرہونے پربینک اکاونٹ بھی عارضی طورپربند کردیاجاتا ہے اقامہ کی تجدید کرنے کے بعد بینک اکاونٹ اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے۔ 
 گاڑی کے ملکیتی کارڈ کےحوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا ’ گاڑی کا استمارہ ابشرپلیٹ فارم سے تجدید کرایا ہے۔ کارروائی کامیابی سےمکمل ہوئی معلوم یہ کرنا ہے کہ کیا استمارہ کارڈ نیا وصول کرنا ہے یا وہی پرانا کارڈ کارآمد رہے گا صرف سسٹم میں تجدید کافی ہے؟۔ 

 اقامہ ایکسپائرہونے پرجوازات میں غیر ملکی کارکن کی فائل سیز کردی جاتی ہے( فوٹو سبق)

سوال کے جواب میں ٹریفک پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ’ ڈیجیٹل سسٹم ابشرپلیٹ فارم کے ذریعے تجدید کیے گئے ایسے استمارے جن پرایکسپائری کی تاریخ نہیں ہوتی انہیں ابشرسے تجدید کرانے کے بعد دوسرا کارڈ پرنٹ کرانے کی ضرورت نہیں‘۔ 
البتہ وہ استمارے جو پرانے پرنٹ ہوئے ہیں اوران پرایکسپائری کی تاریخ درج ہے ان کی تجدید کے بعد دوسرا کارڈ پرنٹ کرانا ضروری ہے۔ 
واضح رہے سعودی عرب میں ڈیجیٹل سسٹم میں ہرطرح کی بہتری لائی جارہی ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے ہمہ وقت سہولتوں کی فراہمی کے لیے کوششیں جاری ہیں ۔ 
جس طرح نئے جاری ہونے والے اقامہ کارڈ میں ایکسپائری کی تاریخ درج نہیں ہوتی۔ اسی طرح اب گاڑی کے ڈرائیونگ لائسنس اورگاڑی کے ملکیتی کارڈ ’استمارہ‘ میں بھی ایکسپائری کی تاریخ درج نہیں کی جاتی۔ 
نئے استمارے کے کارڈ محض ابشرپلیٹ فارم کے ذریعے تجدید کرانے کے بعد انہیں دوبارہ پرنٹ کرانے کی ضرورت نہیں ہوتی کیونکہ سسٹم میں اپ ڈیٹ ہوجاتا ہے۔ 
ڈیجیٹل سسٹم میں گاڑی کے ملکیتی کارڈ استمارے یا ڈرائیونگ لائسنس کی ایکسپائری قریب آنے پرموبائل پیغام کے ذریعے مطلع کردیاجاتا ہے۔

شیئر: