Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان پر تنقید، قاسم علی شاہ کی گوگل ریٹنگ گِر گئی

قاسم علی شاہ فاؤنڈیشن کی گوگل پر ریٹنگ 4.3 تھی جو اب کم ہو کر 1.1 رہ گئی ہے۔ (فوٹو: قاسم علی شاہ/فیس بُک)
سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حامیوں کی سوشل میڈیا مہم کے نتیجے میں پاکستانی موٹیویشنل سپیکر قاسم علی شاہ کی گوگل ریٹنگ میں بڑی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
قاسم علی شاہ کے خلاف سوشل میڈیا مہم اُس وقت شروع ہوئی جب انہوں نے ایک پاکستانی ٹی وی چینل پر ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ ’میں نے میاں شہباز شریف صاحب میں لچک دیکھی ہے اور میں نے متانت و گہرائی پرویز الٰہی صاحب میں دیکھی ہے۔‘
اسی ٹی وی پروگرام میں موٹیویشنل سپیکر نے مزید کہا کہ ’عمران خان صاحب میں بہت سی خوبیاں بھی ہیں لیکن انہوں نے یہ سوچ رکھا ہے کہ جو سارے فیصلے قیامت کے دن ہونے ہیں وہ انہوں نے دنیا میں ہی کر لینے ہیں۔‘
قاسم علی شاہ کے اس بیان سے قبل ان کی فاؤنڈیشن کی گوگل پر ریٹنگ 4.3 تھی لیکن اب یہ ریٹنگ کم ہو کر1.1 رہ گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کے حامی صارفین دیگر انٹرنیٹ پلیٹ فارمز پر بھی قاسم علی شاہ کی ریٹنگ کم کرنے کی مہم چلا رہے ہیں۔
خیال رہے گوگل اداروں اور شخصیات کو صارفین کے ریویوز کی بنیاد پر ریٹنگ دیتا ہے اور اگر کسی ادارے یا شخصیت کو تواتر سے خراب ریویوز مل رہے ہوں تو اس کی ریٹنگ گر جاتی ہے۔

شیئر: