امارات محفوظ ترین ممالک کی فہرست میں اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب
جی ٹی آئی انڈیکس کے مطابق عرب امارات شدت پسندانہ سرگرمیوں کے خلاف اقدامات اٹھانے والا سب سے مؤثر ملک ہے۔ فوٹو: شٹر سٹاک
متحدہ عرب امارات ایک مرتبہ پھر دنیا کے محفوظ ترین ممالک کی فہرست میں اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق دہشت گردی کے واقعات کا اندازہ لگانے والے ’گلوبل ٹیرارزم انڈیکس‘ نے متحدہ عرب امارات کو دنیا بھر کے محفوظ ترین ممالک کی فہرست میں شامل کیا ہے جہاں دہشت گردی کی کارروائیوں کا خطرہ ’انتہائی کم‘ ہے۔
خیال رہے کہ گلوبل ٹیرارزم انڈیکس (جی ٹی آئی) گزشتہ دو دہائیوں کے دوران دہشت گردی پر اثرانداز ہونے والے عالمی رجحانات اور واقعات کا ایک مجموعی تجزیہ پیش کرتا ہے جو دراصل مخصوص سماجی اور معاشی حالات پر منحصر ہوتے ہیں۔
جی ٹی آئی کے مطابق عرب امارات دہشت گردی اور شدت پسندانہ سرگرمیوں کے خلاف اقدامات اٹھانے والا سب سے مؤثر ملک ہے۔
امریکی تھنک ٹینک ’انسٹی ٹیوٹ فار اکنامکس اینڈ پیِس‘ کی جانب سے جی ٹی آئی کے تحت ہر سال محفوظ ترین ممالک کی فہرست جاری کی جاتی ہے۔
عرب امارات کی وزارت برائے خارجہ و بین الاقوامی تعاون بھی جی ٹی آئی کے انڈیکیٹرز کو مانیٹر کرتی ہے۔