Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خروج نہائی کی مدت ابھی باقی مگر اقامہ ایکسپائر، سفر کیا جا سکتا ہے؟

خروج نہائی ویزا جاری کرانے کے بعد 60 روز کی مہلت ہوتی ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن جو وزارت داخلہ کا ذیلی ادارہ ہے قوانین کے مطابق  مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے اقامے ، خروج وعودہ اور خروج نہائی کے اجرا کا ذمہ دارہے ۔
مملکت میں رہائش پذیرغیرملکی افراد جب مستقل بنیاد پر اپنے ملک جاتے ہیں تو انہیں فائنل ایگزٹ جسے عربی میں خروج نہائی کہا جاتا ہے حاصل کرنا ضروری ہوتاہے۔ 
 گھریلوملازم ’سائق خاص‘ کے اقامے پرمقیم ایک شخص نے دریافت کیا ’اقامہ ایکسپائرہوگیا مگرخروج نہائی کی مدت میں ابھی 40 دن باقی ہیں۔ کیا سفرکیاجاسکتا ہے؟‘ 
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ ’خروج نہائی ویزہ جاری کرانے کے بعد غیر ملکی کارکن کے پاس 60 روز کی مہلت ہوتی ہے اس دوران سفرکرنا  ہوتا ہے یہ ضروری نہیں کہ اقامہ کارآمد ہے یا ایکسپائر‘۔ 
واضح رہے کہ خروج نہائی یا فائنل ایگزٹ ویزہ حاصل کرنے لیے بنیادی شرط کارآمد اقامہ کی ہوتی ہےتاہم اس کےلیے ضروری نہیں کہ اقامہ کی مدت دوماہ سے زائد ہو۔
اگراقامہ کی مدت میں کچھ دن بھی باقی ہوں تو جوازات سے فائنل ایگزٹ ویزا حاصل کیاجاسکتا ہے۔ امیگریشن قوانین کے تحت فائنل ایگزٹ ویزے حاصل کرنے کے بعد کارکن کے پاس 60 روزہ مہلت ہوتی ہے۔ 
مقررہ مہلت کے اختتام سے قبل کارکن کے لیے لازمی ہے کہ وہ مملکت سے ایگزٹ کرجائے۔ کارکن کے مملکت سے نکل جانے کے بعد ہی جوازات کے سسٹم میں اسکی فائل کلوز کردی جاتی ہے۔ 

اقامہ ایکسپائر ہونے  پر مشکلات ہوتی ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)

ایسے کارکن جو خروج نہائی ویزا توحاصل کرلیتے ہیں مگر وہ اس پرسفرنہیں کرتے اوران کا اقامہ بھی ایکسپائرہوجاتا ہے۔ اس صورت میں انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے۔ 
وہ اقامہ ہولڈرغیرملکی جنہوں نے خروج نہائی ویزہ یعنی فائنل ایگزٹ حاصل کرلیا ہو اوراس کی مقررہ 60 روزہ مہلت ختم ہونے سے قبل وہ مملکت سے نہیں جاتے اورمقررہ مہلت کا وقت بھی ختم ہوجاتا ہے اس صورت میں ان پرایک ہزار ریال کا جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ 
خروج نہائی کے قانون کی خلاف ورزی پرعائد ہونے والا جرمانہ ادا کیے بغیرغیرملکی کارکن کا ایکسپائراقامہ تجدید نہیں کیاجاسکتا۔ جرمانے کی ادائیگی کے بعد اقامہ کی تجدید کرانا ہوگی۔ 
تاہم مقررہ 60 روزہ مہلت ختم ہونے اورخروج نہائی پرسفرنہ کرنے والے غیرملکی کارکن کا اقامہ ایکسپائرنہ ہونے کی صورت میں صرف جرمانے کی مد میں ایک ہزار ریال ادا کیاجائے گا۔ 
یاد رہے مقررہ 60 روزہ مہلت کے ختم ہونے سے قبل اگرخروج نہائی ویزے کوکینسل کرادیا جائے۔ اس صورت میں جرمانہ عائد نہیں کیاجاتا البتہ اگرکارکن کا اقامہ ایکسپائرہوچکا ہو اس صورت میں اقامہ ایکسپائرہونے کا جرمانہ جو کہ پہلی بار 500 ریال ہوتا ہے ادا کرنے کے بعد اقامہ تجدید کرانا ہوگا۔

شیئر: