خروج نہائی لگنے کے بعد نئی جاب کی آفر، کفالت تبدیل ہو سکتی ہے؟
خروج نہائی لگنے کے بعد نئی جاب کی آفر، کفالت تبدیل ہو سکتی ہے؟
جمعرات 29 دسمبر 2022 0:07
غیرملکی کارکنوں کے لیے لازمی ہے کہ وہ اقامہ قوانین کی پابندی کریں( فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں مقیم غیرملکیوں کے رہائشی پرمٹ ’اقامے‘ کا اجرا اورتجدید کے علاوہ خروج وعودہ اورخروج نہائی یعنی ایگزٹ ری انٹری اورفائنل ایگزٹ کے معاملات محکمہ جوازات کی ذمہ داری ہے۔
ایسے افراد جن کے خروج نہائی اوراقامہ ایکسپائر ہوجاتے ہیں انہیں دوبارہ فائنل ایگزٹ جاری کرانے کے لیے اقامہ کی مدت میں توسیع کرانا ہوتی ہے۔
جوازات کے ٹوئٹرپرایک شخص نے استفسار کیا ہے’ میرا مستقل طورپروطن واپس جانے کا ارادہ تھا۔ کفیل سے کہہ کرخروج نہائی ویزا حاصل کیا۔ خروج نہائی ابھی ایکسپائرنہیں ہوا اس کی مدت میں 25 دن باقی ہیں، مجھے ایک اچھی جگہ سے کام کی آفرہوئی ہے۔ کیا خروج نہائی جاری ہونے کے بعد کفالت تبدیل کرائی جاسکتی ہے یا نہیں؟۔‘
سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کی جانب سے کہا گیا کہ ’خروج نہائی لگائے جانے کے بعد 60 روز کی مہلت ہوتی ہے۔ اس دوران سفرنہ کرنے کی صورت میں خروج نہائی کو مقررہ 60 روزہ مہلت ختم ہونے سے قبل کینسل کرانا ضروری ہے۔ ویزا کینسل کرانے کے بعد کفالت تبدیل کرائی جاسکتی ہے‘۔
واضح رہے سعودی عرب میں امیگریشن قوانین کے تحت یہاں مقیم غیرملکی کارکنوں کے لیے لازمی ہے کہ وہ اقامہ قوانین کی پابندی کریں۔
اقامہ قوانین کے تحت وہ کارکن جو مستقل طورپرمملکت سے جانا چاہتے ہیں، انہیں فائنل ایگزٹ یعنی خروج نہائی حاصل کرنا ہوتاہے۔
خروج نہائی جاری ہونے کے بعد کارکن کے پاس 60 دن کی مہلت ہوتی ہے۔ اس دوران کارکن کو مملکت سے ایگزٹ کرنا ضروری ہے۔
ایگزٹ نہ کرنے کی صورت میں مقررہ مہلت ختم ہوجانے پرجوازات کے سسٹم میں کارکن کی فائل سیزہوجاتی ہے جس کے بعد وہ ایکسپائرفائنل ایگزٹ پرسفر نہیں کرسکتا۔
خروج نہائی ایکسپائرہونے کی صورت میں ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے جس کے بعد جوازات کے سسٹم میں کارکن کی فائل اوپن ہوتی ہے۔
ایکسپائرخروج نہائی کو کینسل کرانے کے بعد جوازات کے سسٹم میں کارکن کی فائل اوپن ہونے کے ساتھ ہی اقامہ اسٹیٹس بھی بحال ہوجاتا ہے۔
اقامہ بحال ہونے کے بعد اگرکارکن کے پاس کفالت تبدیل کرانے کا آپشن ہو اس صورت میں وہ اسے استعمال کرسکتا ہے یعنی کفالت تبدیل کرانے کی اجازت ہوتی ہے۔
خروج نہائی ایکسپائرنہ ہونے کی صورت میں اسے کینسل کرانے پرکوئی فیس یا جرمانہ عائد نہیں لیا جاتا۔
فائنل ایگزٹ ویزا کینسل کرانے کے بعد کفالت تبدیل کرانے کے لیے نئے اسپانسر کی جانب سے کفالت کی تبدیلی کی کارروائی کی جاتی ہے جس کےلیے لازمی ہے کہ ملازمت کا ڈیجیٹل معاہدہ کیاجائے جو ’نفاذ‘ پورٹل پرٹل کے ذریعے ہوگا۔