Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 امارات میں سیاحتی اور وزٹ ویزے کی آن لائن توسیع

ویزے میں توسیع کی کارروائی 48 گھنٹے میں مکمل ہوجائے گی ( فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں قومی شناخت، شہریت، کسٹم اور پورٹس سکیورٹی کے وفاقی ادارے نے سیاحتی اور وزٹ ویزوں کی آن لائن توسیع کی سہولت فراہم کی ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق وفاقی ادارے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ’سمارٹ ایپ اور ادارے کی ویب سائٹ کے ذریعے وزٹ، سیاحت یا  کسی اور قسم کے ویزے میں توسیع کرائی جا سکتی ہے اور یہ کارروائی 48 گھنٹے میں مکمل ہوتی ہے۔‘ 
وفاقی ادارے کا کہنا ہے کہ ’ویزے میں توسیع کی کارروائی کی درخواست دینے کے لیے پانچ کام ہیں۔‘
سمارٹ سروس سسٹم میں پرسنل اکاؤنٹ کھولا جائے، پھر ویزے میں توسیع کی درخواست اور سروس کے لیے مطلوب کاغذات منسلک کیے جائیں۔
فیس کی ادائیگی اور مالی ضمانت جمع کی جائے۔ یہ کارروائی کر کے درخواست جمع کرائی جائے۔ چھان بین کے بعد امیدوار کو توسیع اور ویزے کے پرنٹ کی منظوری کی اطلاع ایس ایم ایس کے ذریعے دی جائے گی۔
ویزے میں توسیع کی کارروائی منظورشدہ پرنٹ ایجنسیوں کے توسط سے بھی کرائی جا سکتی ہے۔
وفاقی ادارے کا کہنا ہے کہ ویزے میں توسیع کی مدت کا دارومدار ویزے کی نوعیت اور توسیع کی درخواست کی تعداد پر ہے۔ توسیع 30 سے 90 دن کی ہو گی۔ 
وزیٹر کے قیام کی مدت امارات آمد کے بعد سے شمار ہو گی۔ ایک سال سے زیادہ کسی بھی صورت میں قیام کی اجازت نہیں ہو گی۔ 
یاد رہے کہ نئے ویزا سسٹم میں آٹھ قسم کے وزٹ ویزے شامل کیے گئے ہیں۔

شیئر: