Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اینکر عمران ریاض لاہور ایئر پورٹ سے گرفتار، عدالت میں پیش کرنے کا حکم

عمران ریاض کو گزشتہ برس بھی پنجاب کے مختلف شہروں میں درج مقدمات میں گرفتار کیا گیا تھا۔ فائل فوٹو: سکرین گریب
لاہور کی مقامی عدالت نے نجی ٹی وی سے منسلک اینکر و صحافی عمران ریاض کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
اینکر پرسن کو لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔
جمعرات کو عمران ریاض کے بھائی نے اُن کو عدالت میں پیش نہ کرنے کا اقدام جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے چیلنج کیا تھا جس پر حکم دیا گیا۔
اینکر پرسن کے بھائی نے درخواست میں عدالت کو بتایا کہ عمران ریاض کو ایف آئی اے نے غیرقانونی حراست میں رکھا ہوا ہے۔
قبل ازیں بدھ کو رات گئے ایک ٹوئٹر سپیس میں عمران ریاض نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بیرون ملک جانے کے لیے ایئر پورٹ پر موجود ہیں جہاں اُن سے کہا گیا ہے کہ وہ بلیک لسٹ ہیں اس لیے کہیں نہیں جا سکتے۔
بعد ازاں ٹی وی اینکر کے ٹوئٹر ہینڈل سے اُن کی سوشل میڈیا ٹیم نے ٹویٹ کیا کہ ’عمران ریاض کو ایف آئی اے نے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کیا ہے۔ ایئرپورٹ سٹاف نے موقع پر موجود لوگوں کو غلط معلومات دیں اور اُن کو پچھلے دروازے سے لے جایا گیا۔‘

ذرائع کے مطابق عمران ریاض کو ایئر پورٹ سے گرفتار کر کے سائبر کرائم گلبرگ میں رکھا گیا ہے اور جمعرات کو ایف آئی اے کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
عمران ریاض کو گزشتہ برس بھی پنجاب کے مختلف شہروں میں درج مقدمات میں گرفتار کیا گیا تھا اور وہ ضمانت پر تھے۔

شیئر: