شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے 336 ملین ریال سے زیادہ کے عطیات
عطیات مہم خالص انسانی بنیادوں پر چلائی جارہی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں 15 لاکھ 33 ہزار 916 افراد نے اب تک شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے 336 ملین ریال سے زیادہ کےعطیات جمع کرائے گئے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی ہدایت پر’ساھم‘ پورٹل کے ذریعے عوامی عطیات مہم شروع کی ہے۔
شاہ سلمان مرکز کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ کا کہنا ہے کہ’ عطیات مہم خالص انسانی بنیادوں پر چلائی جارہی ہے‘۔
مہم کے دوران جمع ہونے والی عطیات کئی سعودی ایجنسیوں اور وزارتوں کے تعاون سے ترکیہ اور شام میں متاثرین کی مدد کی جائے گی۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے سربراہ ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے بتایا کہ ’امدادی مہم کے دوران کئی منصوبوں پر عمل کیا جائے گا۔‘
’ریسکیو اور طبی ٹیمیں بھیجی جائیں گی تاکہ متاثرین کی مدد کی جا سکے۔ کھانے پینے کی اشیا، دوائیں، طبی سامان اور خیمے وغیرہ براہ راست بھیجے جائیں گے۔‘
جائزہ ٹیمیں زلزلہ زدہ علاقے کے متاثرین کی ضروریات کے حوالے سے جو رپورٹ پیش کریں گی اسی کے تناظر میں امدادی سامان بھیجا جائے گا۔